1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد علی کی تدفین جمعہ دس جون کو ان کے آبائی شہر میں

مقبول ملک5 جون 2016

جمعہ تین جون کو چوہتر برس کی عمر میں انتقال کر جانے والے عظیم باکسر اور سابق عالمی چیمپئن محمد علی کی ایک ہیرو کے طور پر تدفین آئندہ جمعے دس جون کے روز امریکی ریاست کینٹکی میں ان کے آبائی شہر لوئی وِل میں کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1J0kq
Muhammad Ali US-amerikanische Boxer
تصویر: picture alliance/abaca/L. Hahn

نیوز ایجنسی روئٹرز کی اتوار پانچ جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق محمد علی کے جسد خاکی کو لوئی وِل شہر میں ایک عوامی جلوس کی شکل میں مقامی اسٹیدیم تک لے جایا جائے گا، جہاں ان کی یاد میں ایک بڑی عوامی تقریب منعقد کی جائے گی۔

شہر کی انتظامیہ کے مطابق ’عظیم ترین‘ کھلاڑی اور گزشتہ صدی کی اہم ترین شخصیت قرار دیے جانے والے محمد علی ایک ایسے انسان تھے، جن سے دنیا بھر میں ان کے مداح بے پناہ محبت کرتے تھے اور جنہوں نے باکسنگ کے کھیل کے ساتھ ساتھ نسلی تعصب اور جنگوں کے خلاف اور سیاہ فام آبادی کے لیے برابر کے شہری حقوق کی جدوجہد کرنے والے کارکن کے طور پر بھی بے مثال خدمات انجام دی تھی۔

محمد علی کے خاندان کے ترجمان باب گَنل نے ہفتے کی رات ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ لوئی وِل میں ان کی میموریل سروس کے موقع پر دنیا کے اس ’پسندیدہ ترین ایتھلیٹ‘ کی بہت سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، جن کی وجہ سے محمد علی اپنی زندگی میں ہی اپنی انسان دوستی کی وجہ سے اپنے لیے ایک ’عالمگیر مقام‘ حاصل کر چکے تھے۔ باب گَنل کے مطابق محمد علی کی یاد میں اس اجتماع سے بہت سی دیگر معروف شخصیات کے علاوہ سابق امریکی صدر بل کلنٹن بھی خطاب کریں گے۔

محمد علی نے، جو پیدائشی طور پر ایک مسیحی تھے اور جن کا نام کیسیئس کلے تھا، جوانی میں ہی اسلام قبول کر لیا تھا اور اس کے بعد سے دنیا انہیں زیادہ تر صرف محمد علی کے طور پر جانتی تھی۔

Muhammad Ali US-amerikanische Boxer
تصویر: picture alliance/IMAGNO/Votava

17 جنوری 1942 کو لوئی وِل میں پیدا ہونے والے محمد علی تین مرتبہ باکسنگ کے عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن بنے تھے۔ وہ تین عشروں سے بھی زائد عرصے سے رعشہ کے مرض یا پارکِنسن سنڈروم کا شکار بھی تھے۔

محمد علی کا انتقال امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس کے ایک ہسپتال میں ہوا تھا، جہاں سے ان کی میت اگلے ایک دو روز میں لوئی وِل پہنچا دی جائے گی۔ ان کا انتقال نظام تنفس میں پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے جمعہ تین جون کی رات ہوا تھا۔

ان کی یاد میں مرکزی تعزیتی تقریب جمعہ دس جون کو لوئی وِل میں کے ایف سی سینٹر میں سہ پہر دو بجے شروع ہو گی، جس میں 20 ہزار سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ میموریل سروس کے ایف سی سینٹر کی ویب سائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ پر بھی براہ راست دکھائی جائے گی۔