مخصوص حالات میں کم خوابی بھی زیادہ وزن کا سبب
11 جولائی 2011امریکہ میں نیو یارک سے ملنے والی رپورٹوں میں خبر ایجنسی روئٹرز نے نیند کی وجہ سے پیدا ہونے والے جسمانی اور نفسیاتی مسائل پر تحقیق کرنے والے امریکی ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اب یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ کم خوابی کا جسمانی وزن میں اضافے کے ساتھ بہرحال ایک واضح تعلق موجود ہے۔
پنسلوانیا یونیورسٹی کے نیند سے متعلقہ امور اور مسائل کا طبی مطالعہ کرنے والے ایک ماہر مائیکل گارڈنر کے بقول بہت تھوڑی نیند لینے والے افراد اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقابلتاﹰ زیادہ خوراک کھاتے ہیں۔ لیکن اگر وہ اس طرح اپنے جسم کا حصہ بننے والی زیادہ کیلوریز کو استعمال نہ کریں تو ان میں سے اکثر کو وزن میں اضافے کا سامنا رہتا ہے۔
اس طرح یہ ثابت ہو گیا ہے کہ کم خوابی کا مخصوص شرائط کے تحت جسمانی وزن میں اضافے سے تعلق تو ہے تاہم یہ قطعاﹰ لازمی نہیں کہ صرف بہت کم سونا ہی اپنے طور پر موٹاپے کی وجہ بنے۔
مائیکل گارڈنر کے بقول ابھی اس بارے میں مزید ریسرچ کی ضرورت ہے کہ کم خوابی یا بے خوابی کے جسمانی وزن پر اثرات کی طبی تفصیلات کیا ہیں اور ان کے نتائج کس طرح سامنے آتے ہیں۔ تاہم یہ بات طے ہے کہ وزن کم ہو یا زیادہ، انسانی جسم کو مناسب حد تک نیند کی ضرورت ہوتی ہے اور ’کافی نیند ہر انسان کی ترجیح ہونی چاہیے‘۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: شادی خان سیف