1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مدر ٹریسا کے لیے کیتھولک سینٹ کا درجہ

عاطف بلوچ28 اگست 2016

بیسویں صدی کی ایک مقبول ترین شخصیت مدر ٹریسا کو چار ستمبر کے دن ’کیتھولک سینٹ‘ کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پوپ فرانسس کی زیرسرپرستی ویٹی کن میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1JrEo
Indien Mutter Teresa Symbolbild
تصویر: picture-alliance/united archives

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ بھارتی راہبہ مدر ٹریسا کو انسانیت کی خاطر ان کی بے لوث اور انتھک کوششوں کے اعزاز میں ویٹی کن نے ’بابرکت شخصیت‘ قرار دیا ہے۔ کیتھولک مسیحیت میں کسی کو سینٹ یا ولی قرار دیا جانا دراصل ولایت کا اعلیٰ ترین درجہ تصور کیا جاتا ہے۔

مدر ٹریسا نے کئی دہائیوں تک اپنی خدمات سے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی تھی۔ انہی خدمات کے باعث ’ٹریسا آف کولکتہ‘ کے نام سے مشہور اس خاتون کو سن 1979 میں امن کے نوبل انعام سے بھی نواز گیا تھا۔

مدر ٹرسیا کا حقیقی نام اَگنَس گُونژا بُویا ژی اُو تھا۔ پانچ ستمبر سن 1997 میں کولکتہ میں انتقال کر جانے والی اس مسیحی راہبہ کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

وہ سن 1910 میں مقدونیہ کے شہر اسکوپئے میں پیدا ہوئی تھیں۔ نسلی طور پر ان کا تعلق البانیا سے تھا۔ انہوں نے سن 1950 میں بھارت میں ’مشنریز آف چیرٹی‘ کی بنیاد رکھی اور جلد ہی وہ اپنے فلاحی وسماجی کاموں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہو گئی تھیں۔

دوسری طرف کچھ حلقے مدر ٹریسا کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔ اسقاط حمل اور مانع حمل کے حوالے سے مدر ٹریسا کے سخت نظریات تو متنازعہ قرار دیے ہی جاتے تھے لیکن ساتھ ہی ان کی طرف سے آمروں سے امداد وصول کرنے پر کھلی رضا مندی بھی تنقید کی زد میں رہی۔

مدر ٹرسیا کے انتقال کے بعد سن 1997 میں شائع کردہ ان کے ذاتی خطوط سے انکشاف ہوا تھا کہ اپنی عمر کے آخری پچاس برسوں میں وہ یسوع مسیح سے ذاتی روحانی رابطے کے تجربات ختم ہونے پر مایوس رہیں لیکن پھر بھی مدر ٹریسا نے یسوع مسیح کے مقصد کی تکیمل کے لیے اپنی زندگی وقف رکھی۔

مدر ٹریسا نے باقاعدہ طور پر سن 1948 میں بھارت میں سماجی کاموں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے بھارتی شہریت بھی اختیار کر لی تھی۔

Indien Mutter Teresa mit einem kranken Kind in Kalkutta
مدر ٹریسا نے کئی دہائیوں تک اپنی خدمات سے دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی تھیتصویر: picture-alliance/ZUMA Press
Indien Mutter Teresa mit einem armlosen Baby in Kalkutta
پانچ ستمبر سن 1997 میں کولکتہ میں انتقال کر جانے والی اس مسیحی راہبہ کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Adams
Indien Mutter Teresa Begräbnis in Kalkutta
بیسویں صدی کی ایک مقبول ترین شخصیت مدر ٹریسا کو چار ستمبر کے دن ’کیتھولک سینٹ‘ کا درجہ دیا جا رہا ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Datta
Mazedonien Büste von Mutter Teresa in Skopje
مدر ٹرسیا کی جائے پیدائش اسکوپئے میں ان کا ایک مجسمہتصویر: picture-alliance/dpa/EPA/D. Andonovski

مدر ٹریسا کو ’کیتھولک سینٹ‘ کا باقاعدہ درجہ دیے جانے کی خصوصی تقریب میں شرکت کی خاطر بھارتی وزیر خارجہ سُشما سوراج کے علاوہ کئی اہم بھارتی شخصیات بھی ویٹی کن سٹی پہنچ رہی ہیں۔ توقع ہے کہ اس تقریب میں ہزاروں مسیحی زائرین بھی شرکت کریں گے۔

چار ستمبر بروز اتوار خصوصی دعائیہ تقریب کے بعد سینٹ پیٹرز اسکوائر پر پوپ فرانسس مدر ٹریسا کو مسیحیت کے اعلیٰ درجے پر فائز کرنے کا اعلان کریں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں