مذاکرات شروع کرنے پر تیار ہوں، نیتن یاہو
20 جولائی 2011اسرائیلی وزیراعظم نے عرب ٹیلی وژن العربیہ کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل تعطّل کا شکارامن مذاکرات کو دوبارہ سے شروع کرنے میں سنجیدہ ہے۔ نیتن یاہو نے اس خبر کی تردید کی کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ شامی صدر بشارالاسد اقتدار میں رہیں۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے تسلیم کیا کہ یروشلم انتظامیہ نے ماضی میں دمشق حکام کے ساتھ خفیہ مذاکرات کیے تھے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مشرق وسطٰی امن مذاکرات میں تعطّل کا الزام فلسطینی رہنماؤں پر عائد کیا ہے۔ ’’ تیاری مکمل ہے بس مذاکرات کی میز پر آنے کی دیر ہے‘‘۔
بینجمن نیتن یاہو نے کہا کہ ماضی میں فلسطینی رہنما مذاکرات کو تکمیل تک پہنچانا ہی نہیں چاہتے تھے اور اب وہ مذاکراتی عمل شروع کرنے میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ ’’ میں براہ راست صدر محمود عباس سے فوری طور پر بات کرنے پر راضی ہوں۔ یہ مذاکرات یروشلم میں بھی منعقد کیے جاسکتے ہیں اور میں امن کی خاطر رامّلہ جانے پر بھی راضی ہوں۔ یہ مذاکرات کہیں بھی شروع کیے جاسکتے ہیں‘‘۔
نیتن یاہو نے کہا کہ کسی بھی ایسے گروپ کے ساتھ امن کی بات چیت نہیں کی جا سکتی، جو اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہ کرتا ہو۔ اپنے انٹرویو کے دوران نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یہ خبر غلط ہے کہ اسرائیل شامی صدر بشارالاسد کو اقتدار میں دیکھنا چاہتا ہے۔ نیتن یاہو نےکہا یہ درست ہے کہ ماضی میں دمشق حکام سے بات چیت ہوئی ہے۔ ’’ یہ مذاکرات امن کے قیام کے لیے تھے۔ ہم اس وجہ سے پریشان تھے کہ کہیں شام میں جاری مظاہرے دونوں ممالک کی پر سکون سرحد پر حالات کو خراب نہ کردیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کواس سے سروکار نہیں ہے کہ شام میں کیا ہو رہا ہے۔ ’’ ہم صرف پر امن تعلقات چاہتے ہیں‘‘۔
رپورٹ : عدنان اسحاق
ادارت :عابد حسین