1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر نے عارضی طور پر غزہ سرحد کھول دی

عدنان اسحاق22 دسمبر 2014

قاہرہ حکومت کی طرف سے عارضی طور پر غزہ سرحد کھولنے کے فیصلے سے کچھ باسیوں کی زندگی بچ سکتی ہے۔ رفاہ کی سرحد کھلنے سے انتہائی شدید بیمار فلسطینیوں کے لیے مصر میں اپنا علاج معالجہ کرانا ممکن ہو سکے گا۔

https://p.dw.com/p/1E8OA
تصویر: Reuters/I.A. Mustafa

فلسطینی انتظامیہ نے بتایا کہ اتوار کے روز تقریباً 630 فلسطینی رفاہ کی سرحد کو پار کرتے ہوئے مصر میں داخل ہوئے ہیں۔ قاہرہ حکام نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ہفتے کے دن ہی بتا دیا تھا کہ وہ یہ سرحدی گزرگاہ اتوار اور پیر کو کھولیں گے۔ غزہ پٹی میں سرحدی گزرگاہوں کے شعبے کے ڈائریکٹر مہیر ابوالصبح نے بتایا، ’’ اس دوران صرف شدید بیمار یا وہ افراد مصر میں داخل ہو سکیں گے، جن کے پاس بیرون ملک کام کرنے کا اجازت نامہ ہے۔‘‘

سرحد پر موجود اے ایف پی کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ گزر گاہ کے سامنے فلسطینیوں کا جم غفیر اکھٹا ہو گیا تھا اور تقریباً دو سو فلسطینی بسوں میں سوار ہو کر عالمی وقت کے مطابق صبح دس بجے مصر میں داخل ہوئے۔ اس دوران مصری انتظامیہ نے بتایا کہ سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے 52 سے زائد افراد کو واپس غزہ بھیج دیا گیا ہے۔

Grenzübergang Rafah Ägypten - Gazastreifen vorübergehend geöffnet 21.12.2014
اتوار کے دن سرحدی راستے پر فلسطینیوں کا جم غفیر اکھٹا جمع تھاتصویر: Reuters/I.A. Mustafa

تقریباً دو ماہ کی بندش کے بعد مصر نے غزہ پٹی سے ملنے والی سرحد کو دو دن کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ مصری حکام کے مطابق ان دو دنوں کے دوران رفاہ کی سرحد پار کرنے کے لیے غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک خصوصی اجازت نامہ لازمی ہو گا۔ آج پیر کے روز بیمار افراد کے علاوہ بیرون ملک زیر تعلیم طلبہ کو بھی سرحد پارکرنے کی اجازت ہو گی۔ رفاہ غزہ پٹی کی وہ واحد سرحدی گزرگاہ ہے، جس کی نگرانی اسرائیلیوں کے پاس نہیں ہے۔

25 اکتوبرکو جزیرہ نما سینائی میں ہونے والے ایک خونزیر حملے کے بعد مصری حکام نے یہ سرحد بند کر دی تھی۔ اس واقعے میں تیس مصری فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ اس دوران اس سرحد کو دو مرتبہ بہت ہی محدود وقت کے لیے صرف اُن فلسطینیوں کے لیےکھولا گیا تھا، جو مصر سے غزہ واپس جانا چاہتے تھے۔

غزہ پٹی میں برسراقتدار حماس اور مصری تنظیم اخوان المسلمون کے بہت قریبی روابط ہیں۔ تاہم محمد مرسی کی معزولی کے بعد سے حماس اور نئی مصری انتظامیہ کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق اس سال کی پہلی ششماہی کے دوران ہر ماہ اوسطاً چھ ہزار چار سو افراد غزہ پٹی سے مصر میں داخل ہوتے تھے۔