ایران اور طالبان میں کشیدگی بڑھتی ہوئی
2 مئی 2022گزشتہ برس اگست میں جب سے طالبان نے کابل پر اپنی حکومتی عمل داری قائم کی ہے تب سے افغانستان کو معاشی بحران کا سامنا ہے کیونکہ دوسرے ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں نے اس ملک کی مالی امداد روک رکھی ہے۔
بہت معمولی سی مالی امداد ابھی بھی غربت زدہ افغان شہریوں تک پہنچ رہی ہے لیکن اس کا حجم بہت تھوڑا اور یہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اب بھوک سے تنگ افغان شہری ایران کا رخ بھی کر رہے ہیں۔
’افغانستان میں کوئی مستقبل نہیں ہے‘
افغان مہاجرین میں اضافہ اور کشیدگی
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ایرانی سرحد عبور کرنے کی وجہ سے ایران اور افغان طالبان کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ اندازوں کے مطابق پانچ ہزار کے قریب افغان شہری مشکل اور خطرناک راستوں سے گزرتے ہوئے روازانہ کی بنیاد پر ایران میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس صورت حال پر ایران کو بھی مشکل حالات کا سامنا ہے۔
ایران مخالف مظاہرے
ایران سرحدی محافظین اور طالبان کے درمیاں کشیدگی پیدا ہونے کے بعد مسلح جھڑپیں بھی ہو چکی ہیں۔ تین افغان شہروں میں افغان شہریوں نے ایران مخالف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہو کر تہران حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور ایرانی قونصل خانے پر پتھراؤ بھی کیا اور اس کی عمارت کے باہر آگ بھی لگا دی۔
ایران پہنچنے والے افغان مہاجرین
ایران کی افغانستان کے ساتھ نو سو ساٹھ کلومیٹر یا پانچ سو بہتر میل طویل سرحد ہے۔ اس کے کئی مقامات پر متعین بارڈر گارڈ سرحد عبور کرنے والے مہاجرین کا راستہ روک دیتے ہیں۔ کئی مقامات بالکل ویرانے میں ہیں اور لوگ ان میں سے گزر کر ایرانی سرزمین پر پہنچتے ہیں۔ ایسا بھی خیال کیا گیا ہے کہ کئی افغان انتہاپسند مہاجرین کا روپ دھار کر تہران پہنچ چکے ہیں۔ ابھی گزشتہ ماہ افغانستان کے ازبک نژاد شہری نے مشہد مقدس میں چاقو کے وار کر کے تین مقامی علما کو زخمی کر دیا تھا، ان میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔
آخری سہارا
اس سرحد کو اب افلاس کے مارے افغان شہری زندگی بچانے کا آخری سہارا سمجھتے ہیں۔ دوسری جانب انسانی اسمگلروں کی چاندی ہو رہی ہے کیونکہ مفلس افغان لوگ بچی کھچی پونجی ان اسمگلروں کو دے کر ایران پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کئی یہ انتہائی مشکل سفر پیدل بھی اختیار کرتے ہیں۔ کئی افغان مہاجر ایران پہنچنے کی امید لیے راستے ہی میں دم توڑ دیتے ہیں۔
'سرحدی جھڑپیں طول پکڑ سکتی ہیں‘
سیاسی مبصرین کا خیال کہ اس کشیدہ صورت حال میں دونوں ممالک کسی بھی طور پر اضافے کی خواہش نہیں رکھتے اور اگر کشیدگی میں کمی پیدا نہیں ہوئی تو سرحدی جھڑپوں کا سلسلہ طول پکڑ سکتا ہے۔
افغان مہاجرین کا ایران پہنچنے کا کٹھن سفر
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ایران کو پہلے ہی مشکل حالات کا سامنا ہے کیونکہ اس پر سخت اقتصادی پابندیوں کا نفاذ ہے اور ایسے میں تہران کو افغان مہاجرین کی مسلسل بڑھتی تعداد کو سنبھالنا مشکل تر ہو رہا ہے۔
تہران کی ایک خاتون سیاسی مبصر ریا قنوشاوی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اس وقت مزید مہاجرین کا سنبھال کر اپنی مشکلات میں اضافہ کرے گا۔
ع ح/ع ا (اے پی)