1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملیریا کی پہلی ویکسین، اہم پیشرفت

افسر اعوان24 جولائی 2015

ملیریا بخار کے خلاف دنیا کی پہلی ویکسین کو یورپین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی یورپیئن میڈیسنز ایجنسی کی جانب سے اجازت مل گئی ہے جس نے اسے افریقہ میں ملیریا کے خطرات سے دو چار بچوں میں استعمال کے لیے محفوظ قرار دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1G4H0
تصویر: picture-alliance/NHPA/A. Bannister

یہ ویکسین برطانوی دوا ساز کمپنی ’گلیکسو اسمتھ کلائن‘ اور PATH ملیریا ویکسین انیشی ایٹیو کی طرف سے تیار کی گئی ہے اور اسے موسکوئرکس Mosquirix کا نام دیا گیا ہے۔ یہ پہلی باقاعدہ لائسنس یافتہ انسانی ویکسین ہو گی جو مچھروں کی طرف سے پھیلائی جانے والی اس بیماری کے خلاف مدافعت پیدا کرے گی اور لاکھوں انسانی جانوں کو بچانے کی وجہ بن سکے گی۔

اس ویکسین کو افریقہ میں استعمال کی اجازت دیے جانے کے حوالے سے ابھی چند مراحل طے کرنا ہیں جن میں حکومتوں اور فنڈز فراہم کرنے والوں کے ساتھ معاہدے بھی شامل ہیں کہ اس ویکسین کو استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ یہ دوائی فی الحال اس بیماری کے خلاف جزوی تحفظ فراہم کرتی ہے۔

موسکوئرکس کو RTS,S کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس کی تیاری کے لیے بِل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے فنڈنگ فراہم کی گئی ہے۔ اب عالمی ادارہ صحت WHO اس کا جائزہ لے گا۔ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے آج جمعہ 24 جولائی کو کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے جائزہ اکتوبر میں شروع کیا جائے گا کہ اس ویکسین کو کب اور کہاں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا ہدف ہے کہ رواں برس نومبر تک اس بارے میں سفارشات تیار کر لی جائیں۔

سال 2013ء میں ملیریا کے سبب 584,000 ہلاکتیں ہوئیں
سال 2013ء میں ملیریا کے سبب 584,000 ہلاکتیں ہوئیںتصویر: Getty Images/Fred Dufour

ڈبلیو ایچ او کے ترجمان گریگوری ہارٹل Gregory Hartl کے مطابق، ’’ہم اس ویکسین کا پبلک ہیلتھ کے نقطہ نظر سے جائزہ لیں گے۔۔۔ ہمیں اس پر بہت غور کرنے کی ضرورت ہے کہ اگر ایک ملیریا ویکیسن کو اس بیماری سے متاثرہ ممالک میں استعمال کی اجازت دی جاتی ہے تو اس کا کتنا فائدہ ہو گا۔‘‘

ملیریا دنیا بھر میں بچوں کی اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ یہ بیماری اوسطاﹰ ہر ایک منٹ میں ایک بچے کی موت کا سبب بنتی ہے۔ ملیریا سے سالانہ 200 ملین افراد متاثر ہوتے ہیں جبکہ سال 2013ء میں اس کے سبب 584,000 ہلاکتیں ہوئیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں افریقہ کے سب صحارا کے علاقے میں ہوئیں جو بچوں کی تھیں۔

گلیکسو اسمتھ کلائن کے چیف ایگزیکٹیو اینڈریو وِٹی Andrew Witty نے یورپیئن میڈیسنز ایجنسی (EMA) کی طرف سے ویکسین کے حق میں دی جانے والی رائے کو ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ RTS,S ملیریا کے خلاف مکمل تحفظ نہیں ہے تاہم اسے دیگر حفاظتی اشیاء کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے مثلاﹰ بستروں کے گرد جالیاں اور مچھروں کے خاتمے کے لیے استعمال ہونے والی ادویات وغیرہ۔