ممبئی انڈینز اور دہلی ڈیئر ڈیویلز آمنے سامنے
17 مارچ 2010انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز اور دہلی ڈیئر ڈیویلز کے درمیان بدھ کو فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر ایک اہم میچ کھیلا جا رہا ہے۔ ممبئی کی قیادت سچن تندولکر کر رہے ہیں جبکہ دہلی کی باگ ڈور گوتم گمبھیر کے ہاتھوں میں ہے۔
’آئی پی ایل‘ کے تیسرے ایڈیشن میں اب تک کل آٹھ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ دہلی ڈیئر ڈیویلز نے اپنے دونوں ہی میچ جیت کر چار قیمتی پوائنٹس حاصل کئے ہیں جبکہ ممبئی انڈینز نے پہلے میچ میں راجستھان رائلز کی مضبوط ٹیم کے خلاف شاندار طریقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی کی ٹیم میں سنتھ جے سوریہ، سچن تندولکر، ظہیر خان اور لاستھ مالینگا جیسے ہونہار کھلاڑی شامل ہیں جبکہ دہلی ٹیم میں جارحانہ وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، دلشان، اے بی ڈی ویلریز اور ڈیرک نینس جیسے اسٹار کھلاڑی ہیں۔
دریں اثناء منگل کو ’آئی پی ایل‘ میں دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ رائل چیلنجرز بنگلور اور کنگس الیون پنجاب کے درمیان بنگلور میں ہوا جبکہ دوسرا کولکتہ نائٹ رائڈرز اور چنئی سُپر کنگس کے درمیان ایڈن گارڈنز پر کھیلا گیا۔
کنگس الیون پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے، لیکن اتنا بڑا اسکور بھی کام نہ آسکا۔ رائل چیلنجرز نے اسٹار ژاک کیلس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 204 کے مشکل ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا۔ مین آف دی میچ کیلس نے 55 گیندوں پر 89 رنز بنائے اور آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے۔ بنگلور نے اس میچ میں آٹھ وکٹوں سے جیت حاصل کی۔
دوسرا میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز پر ہوا جہاں میزبان ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کو چنئی سپر کنگس کے ہاتھوں 55 رنز سے شکست ہوئی۔ یہ نائٹ رائڈرز کا تیسرا میچ تھا، پہلے دو میچوں میں اسے کامیابی ملی تھی۔
چنئی نے تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، جن میں کپتان دھونی کے 66 اور بدری ناتھ کے 43 رنز شامل تھے۔ کولکتہ کی ٹیم 109 رنز ہی بنا سکی۔ چنئی سپر کنگس کو اپنے پہلے میچ میں دکن چارجرز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر دہلی ڈیئر ڈیولز اور کولکتہ نائٹ رائڈرز چار چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر پیں۔ کنگس الیون پنجاب اور راجستھان رائلز کی ٹیمیں دو دو میچ ہار چکی ہیں۔
انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بھی آٹھ ہی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چنئی سُپر کنگس، دکن چارجرز، دہلی ڈیئر ڈیویلز، کنگس الیون پنجاب، کولکتہ نائٹ رائڈرز، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیمیں اس بار بھی چیمپیئن بننے کے لئے سر توڑ کوششیں کر رہی ہیں۔ ’آئی پی ایل‘ کے پہلے سیزن میں راجسھتان رائلز نے شین وارن کی قیادت میں چیمپیئن شپ جیتی تھی جبکہ دوسرے سیزن میں دکن چارجرز نے ایڈم گلکرسٹ کی کپتانی میں ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔
پریمیئر لیگ کا پہلا سیزن بھارت میں ہی کھیلا گیا تھا تاہم سیکیورٹی وجوہات کے باعث اس کا دوسرا ایڈیشن جنوبی افریقہ میں کھیلا گیا۔
دوسرے سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستان کا ایک بھی کھلاڑی شریک نہیں ہے۔ ممبئی حملوں کے بعد پاکستانی حکام نے اپنے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ’آئی پی ایل‘ کے دوسرے ایڈیشن میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ اس بار لیگ کی آکشن میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی فروخت نہیں ہوا۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: ندیم گل