1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی نگری سے ہالی وُڈ تک کا سفر

15 دسمبر 2010

بالی وُڈ کے زیادہ سے زیادہ سٹارز اب ممبئی نگری سے ہوتے ہوئے ہالی وُڈ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، جہاں بھارتی کرداروں کی گنجائش بڑھ رہی ہے۔ ایسی مثالیں ’سپائیڈر مین’ اور ’مشن ایمپوسیبل’ کی آئندہ سیریز میں دیکھنے کو ملیں گی۔

https://p.dw.com/p/QYmJ
بپاشا باسوتصویر: UNI

شوبز کی دنیا میں اس بدلتی صورت حال کی وجہ سے بالی وُڈ کے منجے ہوئے ستارے مغرب میں کیریئر کے متلاشی ہیں۔ وہ اس انڈسٹری میں نام بنانا چاہتے ہیں، جس سے انہیں اپنے فنی کیریئر میں ہمیشہ تحریک ملتی رہی ہے۔

Irfan Khan
عرفان خانتصویر: AP

’سلم ڈاگ میلینیئر’ کے اداکار انیل کپور کو ’مشن ایمپوسیبل’ کی آئندہ فلم میں ایک کردار مل گیا ہے۔ ’آ مائٹی ہارٹ’ میں انجیلنا جولی کے ساتھ دکھائی دینے والے عرفان خان ’سپائیڈرمین’ سیریز کی اگلی فلم میں دکھائی دیں گے۔ خبررساں ادارے روئٹرز نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ عرفان خان کو آنگ لی کی آئندہ فلم ’لائف آف پی’ میں بھی کام مل گیا ہے۔

یہ کامیابیاں بالی وُڈ کے مردوں کو ہی حاصل نہیں ہوئیں، وہاں کی حسینائیں بھی اس حوالے سے پیش پیش ہیں۔ ان میں سے ایک ہیں بپاشا باسو، جن کا شمار بالی وُڈ میں صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ان کی آنکھیں بھی مغرب پر لگی ہیں اور انہیں آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کار رولنڈ جوفی کی فلم ’سنگولیرٹی’ میں کردار دیا گیا ہے۔

’سلم ڈاگ میلینیئر’ سے شہرت پانے والی فریدہ پنٹو بھی ’یو وِل میٹ آ ٹال، ڈارک سٹرینجر’ اور ’مرل’ میں مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی۔

Abhishek Bachchan und Aishwarya Rai Bachchan Bollywood Schauspieler
ایشوریا رائے اپنے شوہر ابھیشک بچن کے ساتھتصویر: picture-alliance/ dpa

رولنڈ جوفی کو اس کردار کے لئے بپاشا تک لانے والی کاسٹنگ ڈائریکٹر اُما کہتی ہیں، ’بھارتی فلموں کے ناظرین کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے، اور صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ امریکہ میں بھی۔‘

روئٹرز کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا، ’بھارتی فلموں کے ناظرین اپنے علاقائی رنگ سے خالی ہالی وُڈ کی ان فلموں کے مقابلے میں ایسی فلم زیادہ شوق سے دیکھیں گے، جس میں بپاشا باسو ہوں۔‘

بالی وُڈ کے اداکاروں کے لئے ہالی وُڈ میں مواقع ضرور بڑھ رہے ہیں، تاہم ان کا ہالی وُڈ کی فلموں میں نظر آنا کوئی ایسی نئی بات بھی نہیں ہے۔ اوم پوری، نصیرالدین شاہ اور امریش پوری بھی ان فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے نے بھی ہالی وُڈ کی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، لیکن ان میں سے کوئی بھی دوررس اثر نہیں چھوڑ سکا۔ یہ صورت حال یقینی طور پر ’سلم ڈاگ میلینیئر’ کے بعد تبدیل ہوئی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں