1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

من موہن سنگھ نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا

22 جولائی 2008

بھارتی پارلیمان میں آج تحریک اعتماد پر ووٹنگ ہوئی‘ حکومت کی حمایت میں 275جبکہ اس کے خلاف 256ووٹ پڑے۔

https://p.dw.com/p/EhnP
سنگھ از کنگ: بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ پارلیمان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئےتصویر: AP Photo

آج لوک سبھا میں ووٹنگ تاخیر سے شروع ہوئی جس کی وجہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے چند اراکین کا وزیرِ اعظم پر الزام عائد کرنا تھا کہ ان کو حکومت کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے رشوت دی گئی تھی۔ بھارت امریکہ جوہری معاہدے کے حوالے سےحال ہی میں اختلافات پیدا ہونے کے باعث حکومتی اتحاد میں شامل بائیں بازو کی جماعتوں نے اپنی حمایت واپس لے لی تھی۔

بھارت میں یہ حکومتی بحران دو ہفتے قبل اُس وقت شروع ہوا تھا، جب مخلوط حکومت میں شامل بائیں بازو کی بہت سی جماعتیں امریکہ کے ساتھ ایٹمی شعبے میں تعاون کے مجوزہ سمجھوتے پر احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے الگ ہو گئی تھیں۔ ان جماعتوں کی علٰیحدگی کے بعد من موہن سنگھ حکومت پارلیمان میں اکثریت سے محروم ہو گئی تھی۔ امریکہ کے ساتھ جوہری سمجھوتے میں یہ کہا گیا ہے کہ تیس سال سے زیادہ کے وقفے کے بعد امریکہ ایک بار پھر بھارت کے ساتھ ایٹمی ٹیکنالوجی کی تجارت کر سکتا ہے۔ اِس سمجھوتے کی کامیابی کے امکانات پر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور امریکی صدر جورج ڈبلیو بُش کے درمیان آٹھ جولائی کو بھی تبادلہء خیال ہوا تھا، جب دونوں رہنما گروپ جی ایٹ کی سربراہ کانفرنس کے موقع پر جاپان میں ملے تھے۔

اُدھر امریکہ نے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کو اِس سمجھوتے کے حق میں اُن کی جدوجہد کے لئے بے حد سراہا ہے۔