سرغنہ اسمگلر گرفتار مگر ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 ہلاکتیں
16 جولائی 2022یہ واقعہ شمالی ریاست سینالوا میں پیش آیا، یہی صوبہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنے رافائل کارو کوئنتیرو کا آبائی علاقہ بھی ہے۔
میکسیکن صدر اندریس لوپیز نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر اس آپریشن کا حصہ تھا، جس کے تحت منشیات کے بدنامِ زمانہ اسمگلر رافائل کارو کوئنتیرو کو حراست میں لیا گیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
میکسیکن بحریہ نے اس ہیلی کاپٹر حادثے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے ایک اہلکار کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر لوس موچیس کے علاقے میں اترتے ہوئے کریش ہوا، جب کہ کیتیرو کو جائے حادثہ سے 135 کلومیٹر دور سین سیموں کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔
کارو کوئنتیرو 1985 میں امریکی ایک سکیورٹی اہلکار کے قتل میں ملوث تھا، جب کہ ایک دہائی قبل یہ ایک میکسین جیل سے فرار ہو گیا تھا اور اس نے دوبارہ منشیات کی ٹریفکنگ کا کام شروع کر دیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران کارو کوئنتیرو آپریشن کے مقام سے قریب ہی ایک جھاڑی میں چھپا ہوا تھا، تاہم 'میکس‘ نامی ایک کتے نے اسے ڈھونڈ نکالا۔
ع ت/ک م) ڈی پی اے(