1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موسیقی کا بین الاقوامی ایکزٹ فیسٹیول

رپورٹ: عابد حسین ، ادارت: کشور مصطفیٰ10 جولائی 2009

یورپ کے سبھی ملکوں میں بین الاقوامی شہرت کے فیسٹیول سالانہ بنیادوں پر پلان کئے جاتے ہیں۔ اُن میں ثقافت، سماجیات، سائنس، جواہرات ، غرضیکہ ہر موضوع کے فیسٹیول موجود ہیں۔

https://p.dw.com/p/Ikje
سیربیا کے ایکزٹ فیسٹول کی ایک فائل فوٹوتصویر: DW

یورپی ملک سیربیا میں چار روزہ موسیقی کے ایکزٹ فیسٹیول کا شاندار آغاز ہو گیا ہے۔ بلقان کے خطے میں موسیقی کا یہ سب سے بڑا میلہ تصور کیا جاتا ہے۔ دسویں ایکزٹ فیسٹیول میں ہزاروں شائقین شریک ہیں۔

یہ سیربیا کے دوسرے بڑے شہر Novi Sad میں منعقد ہو رہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے وقت گرچہ تیز بارش ہو رہی تھی تاہم شائقین کی بڑی تعداد موسم کی خرابی کے باوجود وہاں پہنچ گئی تھی۔ سیربیا میں اس وقت سوائن فلُو کی پھیلی ہوئی وبا کے بارے میں عوام ہر گز فکر نہیں کر رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سترہویں صدی کے عظیم الشان پیٹروواردان قلعے کے اندر منعقد ہوئی۔ ایکزٹ فیسٹیول کی ایک خاص اور پرکشش بات یہ ہے کہ اس کا اہتمام یورپی دریا ڈینیُوب کے کنارے پر واقع علاقے میں ہوتا ہے۔ دریا کے پانی منعکس میلے کی جگ مگ روشنی آنکھوں کو چکا چوند کر دیتی ہے ۔

Sängerin Lily Allen auf der Bühne
برطانوی گلو کارہ للی ایلنتصویر: AP

افتتاحی تقریب میں برطانوی گلوکارہ لِلی ایلن نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور ایکزٹ فیسٹیول میں شرکت کو بڑے اعزاز سے تعبیر کیا ہے۔ اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے للی ایلن نے بھیگے موسم کو اپنی آواز اور فن سے گرما دیا تھا۔ شائقین نے بھی کُھل کر اُنہیں داد و تحیسن سے نوازا۔

چار روزہ موسیقی کے فیسٹیول میں لیجنڈری پیٹی سمتھ کے علاوہ دیگر بین الاقوامی شہرت یافتہ بینڈز دی پروڈجی، کارل کاکس، مینک سٹریٹ، پریچرز، کوم، کرافٹ ورک اور میڈ نس حصہ لے رہے ہیں۔ اِن کے علاوہ علاقائی اور مقامی بینڈ بھی شامل ہیں۔

فیسٹیول کے اندر کُل اٹھائیس مختلف اسٹیجز بنائے گئے ہیں جن پر چار دِنوں میں پانچ سو فنکار اور بینڈ گروپس اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ مختلف فنکار مختلف انداز کی موسیقی پیش کریں گے۔ اِس میں مغربی کلاسیکی موسیقی کے ساتھ ساتھ ریپ، راک اور الیکٹرانک میوزک بھی شامل ہے۔

Donau, Novi Sad, Serbien
سیربیا کے شہر Novi Sad میں بہتا دریا ڈینیُوبتصویر: DW

لیجنڈری فنکار پیٹی سمتھ کو سننے کے لئے کئی شائقین پاگل ہوئے جا رہے ہیں۔ بہت سارے فنکاروں کے حوالے سے شائقین اپنے اپنے کامنٹس پیش کرتے جا رہے ہیں۔ کچھ کے نزدیک پریچرز انتہائی اہم ہیں اور بعض مینک سٹریٹ کو فیسٹیول کا اہم ترین بینڈ قرار دے رہے ہیں۔

ایکزٹ میوزک فیسٹیول کے منتظمین کا خیال ہے کہ اِس فیسٹیول میں شائقین کی تعداد دو لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ جب کہ اُنہیں یقین ہے کہ دنیا بھر سےپونے دو لاکھ افراد تو ہر صورت میں اِس میوزک فیسٹیول میں شرکت کے لئے پہنچیں گے۔

ایکزٹ میوزک فیسٹیول کا آغاز سن دو ہزار میں سیربیا کے لیڈر Slobodan Milosevic کے خلاف طلبہ کی بیداری کی تحریک تھی۔ اُن کا خیال تھا کہ اِس عمل سے وہ پابند سیربیا کو بقیہ دنیا کے ساتھ ہم آہنگ بنانے میں کامیابی حاصل کریں گے۔ پہلے ایکزٹ میوزک فیسٹیول میں صرف بیس ہزار افراد شریک تھے۔ ہر سال اِس میں شائقین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ سال کے فیسٹیول میں دنیا بھر سے ڈیڑھ لاکھ افراد شریک ہوئے تھے۔

بین الاقوامی ٹیلی ویژن چینل بھی ایکزٹ میوزک فیسٹیول کو برطانیہ کے گلاسٹن بری فیسٹیول سے بھی بہتر ریٹنگ دے رہے ہیں۔ اُن کے خیال میں یہ یورپ کا نمبر ایک میوزک فیسٹیول کا روپ دھار رہا ہے۔ برطانوی شائقین نے سن دو ہزار سات میں اِس فیسٹیول کو رائے عامہ کے جائزے میں بہترین قرار دیا تھا۔

گزشتہ سال سے قبل یہ فیسٹیول مسائل سے آزاد تھا۔ سن دو ہزار آٹھ میں ایک درخت کی بڑی شاخ گرنے سے ایک نوجوان لڑکی کی ہلاکت نے سارے فیسٹیول کو اداس کر دیا تھا۔ اِس بار ابتدا ہی میں بارشوں سے میلے کا موڈ قدرے بھیگا سا رہا ۔