1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موصل بد ترین انسانی بحران کے دہانے پر

18 اپریل 2017

عراقی شہر موصل کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش سے آزادی دلانے کی عسکری کارروائی کے دوران لاکھوں شہری وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ صورتحال بد ترین انسانی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2bRr6
Irak UNO: Fast eine halbe Million Zivilisten vor Militäroffensive auf Mossul geflohen
تصویر: Reuters/A. Matinez Casares

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ موصل کی لڑائی کے دوران شہر کے قدیمی حصے میں پھنسے ہوئے شہریوں کی تعداد تقریباً چار لاکھ ہے جبکہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے زیر اثر موصل کے مغربی حصے اور اس کے گرد و نواح میں موجود شہریوں کی تعداد بھی پانچ لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

اقوام متحدہ کی عراق کے لیے انسانی بنیادوں پر امداد کی رابطہ کار لیزے گراند نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا، ’’اگر ان علاقوں کا محاصرہ کیا جاتا ہے، تو ہزاروں افراد کی اشیائے خوراک تک رسائی نہیں ہو گی اور یہ بہت بڑا خطرہ ہو سکتا ہے۔‘‘ ان کے بقول ایسی صورت میں ایک ایسے انسانی بحران کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، جو اس تنازعے کا اب تک کا بدترین بحران ہو۔‘‘

Irak Christen kehren nach Qaraqosh zurück
تصویر: Reuters/M. Djurica

موصل شمالی عراق کا سب سے بڑا شہر ہے، جس پر انتہا پسند تنظیم داعش نے 2014ء کے وسط میں قبضہ کیا تھا۔ عراقی فوج نے گزشتہ برس اکتوبر میں اس شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی شروع کی تھی، جس دوران موصل کے زیادہ تر حصے سے اس تنظیم کے جنگجوؤں کو پسپا کر دیا گیا ہے۔

لیزے گراند نے کہا کہ صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، ’’ہمیں چار لاکھ کے قریب انسانی زندگیوں کی فکر ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے گواہوں نے بتایا ہے کہ موصل سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے بہت سے افراد کو گولی مار دی گئی۔ یہ سب کچھ بہت خوفناک ہے۔‘‘ موصل کے قدیمی حصے سے کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب ہونے والے افراد نے بتایا کہ وہاں کھانے پینے کی اشیاء کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔