1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر ریسنگ: فیراری فورس انڈیا کے فزی کیلا کو لے اڑی

3 ستمبر 2009

فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کی مونزا کے مقام پر منعقد ہونے والی اگلی ریس میں، جو تیرہ ستمبر کو ہو گی، جان کارلو فزی کیلا فیراری ٹیم کی جانب سے شرکت کریں گے۔

https://p.dw.com/p/JOXq
اٹلی کے چھتیس سالہ جان کارلو فز ی کیلا کو غیر متوقع طور پر پول پوزیشن اور پھر ریس میں دوسری پوزیشن حاصل ہوئی تھیتصویر: AP

بیلجیئم میں شپا کے مقام پر منعقد ہونے والی فارمولا وَن گراں پری ریس کے حتمی کوالیفائنگ سیشن میں اٹلی کے چھتیس سالہ جان کارلو فز ی کیلا کو غیر متوقع طور پر پول پوزیشن اور پھر ریس میں دوسری پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔ تبھی سے یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی تھیں کہ اگلی ریس میں، جو اٹلی میں مونزا کے مقام پر ہو گی، فزی کیلا فیراری ٹیم کی طرف سے شرکت کریں گے۔

فورس انڈیا ٹیم کے سربراہ وجے ملیہ کی جانب سے فوراً اِن قیاس آرائیوں کی تردید کی گئی تھی اور یہ یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ اگلی ریس میں بھی فزی کیلا فورس انڈیا ٹیم کی ہی طرف سے مقابلے میں شریک ہوں گے۔ وجے ملیہ نے یہ بھی کہا تھا کہ اُنہیں یہ یقین دہانی خود فزی کیلا نے کروائی ہے۔

تاہم آج جمعرات کو ملنے والی خبروں کے مطابق فیراری نے اعلان کیا ہے کہ اب موجودہ سیزن کے اختتام تک فزی کیلا فیراری کے ڈرائیور کے طور پر ریس میں شرکت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ فزی کیلا کی اب تک کی ٹیم فورس انڈیا نے اپنے اِس ڈرائیور کے ٹیم چھوڑنے اور فیراری کی طرف سے مقابلے میں حصہ لینے پر رضامندی ظاہر کر دی تھی۔

واضح رہے کہ اپنے ڈرائیور فلیپے ماسا کے زخمی ہو جانے کے بعد فیراری ٹیم ایک بحران سے دوچار ہے۔ پہلے جرمنی کے مشاعیل شُوماخر کی اِس کھیل میں واپسی کی خبریں گرم ہوئیں، جو جلد ہی دَم توڑ گئیں۔

آج جمعرات کو فیراری ٹیم کے سربراہ سٹیفانو ڈومینی چَیلی نے کہا:’’ہم نے فزی کیلا کے حق میں فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم باقی ماندہ سیزن میں اُن کی جانب سے ایک اہم کردار کی امید کر رہے ہیں۔‘‘ اُنہوں نے کہا کہ فیراری ٹیم کو فخر ہے کہ اٹلی میں ہونے والی ریس میں ایک اطالوی ڈرائیور فیراری کی طرف سے شریک ہو گا۔

اُدھر فورس انڈیا ٹیم کے سربراہ وجے ملیہ نے کہا ہے:’’جان کارلو فزی کیلا اور اُن کی انتظامیہ بدھ کو فیراری کی ایک پیشکش لے کر ہمارے پاس آئے تھے۔ کسی بھی اطالوی ڈرائیور کے لئے فیراری ٹیم کی طرف سے ریس میں حصہ لینا ایک خواب ہوا کرتا ہے اور ہم اِس خواب کے راستے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتے۔‘‘

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر