1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مکڑیاں انسانوں سے دگنا گوشت کھاتی ہیں

شمشیر حیدر
18 مارچ 2017

کبھی آپ کو ڈاکٹر نے کم گوشت کھانے کا مشورہ دیا ہے؟ کہتے ہیں کہ کم گوشت کھانا صحت کے لیے اچھا ہے اور ہو سکتا ہے کہ یہ مشورہ مکڑیوں کو بھی دینا پڑے کیوں کہ مکڑیاں انسانوں سے دگنا گوشت کھاتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2ZTQP
Springspinne Phidippus apacheanus saugt eine Rhododendronzikade Graphocephala coccinea aus
تصویر: Peckham Society/D. E. Hill

آپ چاہے مکڑیوں سے محبت کریں یا خوف کی وجہ سے ان سے نفرت، لیکن ایک بات طے ہے کہ اس ننھی سی مخلوق کی کھانے کی اشتہا حیران کن حد تک زیادہ ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق مکڑیاں سالانہ بنیادوں پر انسانوں کی نسبت دوگنا گوشت کھاتی ہیں۔

جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور سویڈن سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں نے اپنی ایک حالیہ تحقیق میں بتایا ہے کہ یہ ننھی منی مخلوق دنیا بھر میں سالانہ بنیادوں پر جتنے کیڑے مکوڑے کھا جاتی ہے، انہیں تولا جائے تو ان کا وزن قریب 800 ملین میٹرک ٹن بنتا ہے۔

اس کے مقابلے میں دنیا بھر کے انسان سالانہ 400 ملین میٹرک ٹن گوشت کھاتے ہیں۔ اس اعتبار سے یہ مخلوق ہر سال بنی نوع انسان کی نسبت قریب دگنا گوشت کھا جاتی ہے۔

مکڑیوں اور انسانوں کے بعد وہیل مچھلیاں تیسرے نمبر پر ہیں جو سالانہ 280 تا 500 ملین میٹرک ٹن خوراک کھاتی ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ مکڑیوں کی شکار کرنے کی ہوس اگر ماحول بدل جائے تو کم یا زیادہ بھی ہو جاتی ہے۔

لیکن کرہ ارض پر مکڑیوں کی مجموعی تعداد کتنی ہے؟ ’دا سائنس آف نیچر‘ نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے یہ تخمینہ مکڑیوں کے وزن کی صورت میں لگایا ہے۔

Infografik Meat, meat, meat: who eats the most? ENG

اس تحقیق کے مطابق اگر کرہ ارض پر موجود تمام مکڑیوں کو تولا جائے تو ان کا مجموعی وزن 25 ملین میٹرک ٹن بنتا ہے۔ اس حوالے سے یہ بات بھی حیران کن ہے تو مکڑیاں ہر سال اپنی مجموعی آبادی سے کئی گنا زیادہ وزن کے برابر گوشت کھا جاتی ہیں۔

اب تک سائنس دانوں کا خیال تھا کہ مکڑیاں فصلوں میں موجود حشرات الارض کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ لیکن اس تازہ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کھیتوں کھلیانوں میں موجود کیڑے مکوڑوں کے خاتمے میں مکڑیوں کا کردار دراصل بہت کم ہے۔ مکڑیاں سب سے زیادہ جنگلات میں موجود حشرات الارض کا شکار کرتی ہیں۔

مکڑیوں کی نوے فیصد سے زائد غذا حشرات الارض پر مبنی ہوتی ہے۔ تاہم کیڑے مکوڑوں، مکھیوں اور مچھروں کا شکار کرنے کے علاوہ مکڑیوں کی کچھ قسمیں ایسی بھی ہیں جو مینڈکوں، چھپکلیوں، سانپوں اور مچھلیوں سے لے کر چمگادڑوں سمیت پرندوں تک کو کھا جاتی ہیں۔