مہاتما گاندھی کی جگہ مودی؟
14 جنوری 2017جمعے کے روز یہ کیلنڈر سامنے آنے کے بعد بھارتی میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ مہاتما گاندھی کی تصویر ہٹا کر اُس جگہ وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر کیوں لگا دی گئی ہے۔
روایتی طور پر کھڈی کی صنعت کے تشہیر کے لیے ہر سال شائع کیے جانے والے پوسٹر پر چرخے کے ساتھ سوتی شال اوڑھے گاندھی جی دکھائی دیتے تھے۔ یہ تصویر اس صنعت کی ایک طرح سے شناخت تھی۔
حکومتی سرپرستی میں چلنے والے کھڈی ویلج انڈسٹری کمیشن (KVIC) نے اپنے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے مودی کی تصویر کے استعمال کو درست قرار دیا ہے۔ سن 2017 کے کیلنڈر اور ڈائری پر شائع ہونے والی تصویر میں مودی چرخے کے ساتھ بالکل مہاتما گاندھی کے انداز میں بیٹھے ہیں۔
اس حکومتی ادارے کے سربراہ کمار سکسینا نے میڈیا سے بات چیت میں کہا، ’’وہ (مودی) کھڈی کے سب سے بڑے سفیر ہیں۔‘‘
سکسینا نے کہا کہ ماضی میں بھی کئی مواقع پر مختلف شخصیات کی تصاویر ان کیلنڈرز پر شائع کی جا چکی ہیں، جس کا مقصد اس صنعت کی ترویج و تشہیر ہوتا ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق KVIC سے وابستہ متعدد مزدوروں نے جمعے کے روز نیا کیلنڈر سامنے آنے کے بعد خاموش احتجاج بھی کیا۔ جب کہ اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے اس معاملے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
اپوزیشن رہنما اروِند کیجریوال نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا:’’گاندھی بننے کے لیے کئی برسوں کی قربانی کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا، ’’آپ چرخا چلانے کی اداکاری کر کے گاندھی نہیں بن سکتے۔ اس پر صرف ہنسا جا سکتا ہے۔‘‘