1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجر کا بھیس بھرنے والے جرمن فوجی کو عدالت نے بری کر دیا

8 جون 2018

ایک جرمن عدالت نے آج بروز جمعرات ایک جرمن فوجی کے خلاف عائد سنگین الزام کو خارج کر دیا ہے۔ اس جرمن فوجی پر الزام تھا کہ اُس نے اہم سیاستدانوں کو ہلاک کر کے الزام مہاجرین پر عائد کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

https://p.dw.com/p/2z8qx
Frankreich  Illkirch-Graffenstaden Bundeswehr Soldaten vom Jägerbataillon 291
تصویر: Getty Images/AFP/F. Florin

فرانکو ہنس اے نامی جرمن شہری ملکی فوج میں سینیئر لیفٹیننٹ کے عہدے پر فائز تھا جسے  گزشتہ برس اپریل میں مہاجرین کی حمایت کرنے والے جرمن سیاستدانوں کو ہلاک کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جرمن شہر فرینکفرٹ کی اعلیٰ مقامی عدالت کے مطابق یہ عین ممکن ہے کہ فرانکو اے نے دو پستول دو رائفلیں اور دھماکا خیز مواد کی اکیاون ڈیوائسز حاصل کیں لیکن یہ امکان نہیں کہ ملزم نے کسی دہشت گردانہ کارروائی کا قطعی طور پر ارداہ کر رکھا تھا۔

عدالت کے اس فیصلے پر اگرچہ جرمن وفاقی دفتر استغاثہ اپیل کا حق محفوظ رکھتا ہے تاہم اب فرانکو اے کو کم الزامات کا سامنا ہو گا۔ ان الزامات میں ڈارم شٹڈ نامی جرمن شہر کی عدالت کی جانب سے عائد کردہ ’جرمنی میں فوجی ہتھیاروں کے قانون کی خلاف ورزی‘ کا الزام بھی شامل ہے۔

Deutschland Bundestag Ursula von der Leyen
جرمن وزیر دفاع اُرزولا فان ڈیئر لائنتصویر: Reuters/H. Hanschke

اس اسکینڈل نے جرمن افواج اور جرمن عوام دونوں کو حیران کر دیا تھا جب کہ جرمن چانسلر میرکل اور جرمن وزیر دفاع اُرزولا فان ڈیئر لائن کو بھی شدید دباؤ اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ علاوہ ازیں اس بحث میں بھی شدت آئی تھی کہ جرمن فوج میں دائیں بازو کی انتہا پسندی کس حد تک جڑ پکڑ چکی ہے۔

فرانکو نے جعلی شناخت استعمال کرتے ہوئے خود کو شامی مہاجر ظاہر کیا تھا اور باویریا میں مہاجرین کے ایک کیمپ میں منتقل ہو گیا تھا۔ فرینکفرٹ عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دوران تفتیش اس بات کے تو واضح ثبوت ملے ہیں کہ یہ جرمن فوجی کٹر قوم پرست نظریات کا حامل ہے اور مہاجرین کی حمایت کرنے والے اہم سیاستدانوں کو ہلاک کرنے کا ارادہ بھی رکھتا تھا تاہم زیادہ سنگین الزامات کی حمایت کرنے والی شہادتیں نہیں ملی ہیں۔

فرانکو اے کو کئی ماہ تک قید میں رکھا گیا تھا لیکن گزشتہ سال نومبر میں جرمن وفاقی سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد رہا کر دیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ فرانکو پر دہشت گردی کا الزام ثابت کرنے کے لیے ثبوت ناکافی ہیں۔ 

ص ح/ روئٹرز