1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مہاجرین کی ڈیل کے پیسے کہاں ہیں؟ ترک صدر یورپی یونین پر برہم

عاطف توقیر2 ستمبر 2016

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے یورپی یونین پر الزام عائد کیا ہے کہ مہاجرین کو بحیرہ ایجیئن عبور کرنے سے روکنے سے متعلق ڈیل کے تحت ترکی سے وعدہ کی گئی رقم اب تک ادا نہیں کی گئی۔

https://p.dw.com/p/1Jul8
Angela Merkel Recep Tayyip Erdogan Bildkombo
تصویر: picture-alliance/dpa/Kappeler/DW

رواں برس مارچ میں ترکی اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والی ڈیل کے تحت ترکی کو پابند بنایا گیا تھا کہ وہ اپنے ہاں موجود تقریباﹰ تین ملین مہاجرین کی بہبود کے لیے کام کرے اور انہیں بحیرہ ایجیئن عبور کر کے یورپی یونین میں داخل ہونے سے روکے۔ اس کے عوض ترکی کو چھ ارب یورو سرمایہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ یہ وعدہ بھی کیا گیا تھا کہ ترک باشندوں کو شینگن ممالک کے سفر کے لیے ویزا کی پابندی ختم کر دی جائے گی۔

جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ترکی میں موجود تین ملین مہاجرین کے لیے انقرہ حکومت کو چھ ارب یورو ادا کیے جائیں گے، مگر یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ ’’ہوا یہ ہے کہ اب تک اس سلسلے میں صرف 183 ملین یورو ہی دیے گئے ہیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’’اور یہ پیسے بھی ہمیں نہیں دیے گئے، بلکہ یونیسیف کے حوالے کیے گئے ہیں۔ مہاجرین کا بحران اتنا بڑا ہے کہ کوئی بھی ملک اس کا مقابلہ تنہا نہیں کر سکتا۔ بدقسمتی سے ہم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔‘‘

Flüchtlinge in die Türkei
اس معاہدے کے بعد ترکی سے یونان پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد میں واضح کمی ہوئی تھیتصویر: picture-alliance/AP Photo/L. Pitarakis

یورپ میں اب یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ مارچ میں جس ڈیل کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں مہاجرین کو یونان پہنچنے سے روکا گیا، یہ ڈیل کسی بھی وقت ختم سکتی ہے۔ ترکی کی جانب سے بار بار کہا جا رہا ہے کہ یورپی یونین نے اس ڈیل میں طے کیے گئے نکات پر عمل درآمد نہیں کیا۔

دوسری جانب اگلے ہفتے جرمنی، فرانس اور اٹلی کے سربراہان جی ٹوئنٹی اجلاس کے حاشیے میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ایک مشترکہ ملاقات کر رہے ہیں۔ ترکی کی جانب سے واضح طور پر کہہ دیا گیا ہے کہ اگر یورپی یونین نے اپنے وعدے کے مطابق ترک باشندوں کو شینگن ممالک کی ویزا فری انٹری نہ دی، تو ترکی مہاجرین کی ڈیل سے دست بردار ہو جائے گا۔ یعنی اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ہزاروں مہاجرین بحیرہ ایجیئن کے راستے غیرقانونی طور پر یونان پہنچنا شروع ہو سکتے ہیں۔

ادھر انگیلا مریکل سمیت دیگر یورپی رہنماؤں کا اصرار ہے کہ ترک باشندوں کو یورپی ممالک کے ویزا فری سفر کی اجازت صرف اسی صورت میں دی جائے گی، اگر انقرہ حکومت یورپی یونین کی جانب سے دیے گئے 72 مطالبات پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔

ان مطالبات میں ترکی سے ملک میں انسداد دہشت گردی کے متنازعہ قوانین کو یورپی یونین کے قوانین سے مطابقت پیدا کرنے اور ملک میں آزادی اظہار کو یقینی بنانے جیسے نکات شامل ہیں۔ ترک حکومت نخے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے ہاں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق قوانین کسی صورت تبدیل نہیں کرے گی۔