میرکل، سارکوزی ملاقات آج برلن میں
9 جنوری 2012اس دوطرفہ ملاقات کے اہم ترین موضوعات میں یونان کے لیے ابھی تک جمود کا شکار اربوں یورو کی ہنگامی امداد اور مستقبل کے یورپی استحکامی طریقہء کار یا ESM کے لیے مالیاتی وسائل کی فراہمی بھی شامل ہیں۔ ESM میکینزم پروگرام کے مطابق اس سال کے وسط میں متعارف کرایا جانا ہے۔
چانسلر میرکل اور صدر سارکوزی کی باہمی مشاورت میں نئے سال کے موقع پر جو چند روزہ وقفہ آیا، اس دوران چند اچھی خبریں بھی سننے کو ملیں۔ کرسمس کی چھٹیوں کے دنوں میں یورو کی قدر میں کچھ اضافہ ہوا، مالیاتی منڈیوں میں بھی کچھ سکون رہا اور فرانس کو کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی طرف سے دی جانے والی بہترین ریٹنگ ٹرپل اے آئندہ بھی اپنے پاس رکھنے کا موقع مل گیا۔
لیکن نئے سال میں میرکل اور سارکوزی کی یہ پہلی ملاقات کسی حد تک اختلاف رائے کا شکار بھی ہو سکتی ہے۔ اس لیے کہ فرانسیسی وزیر خزانہ کے مطابق سارکوزی سے اس ملاقات میں حیران کن مؤقف کی توقع بھی کی جا سکتی ہے۔
فرانسیسی وزیر خزانہ فرانسوآ باروئیں نے کہا، ’چونکہ مالیاتی بحران کے ایک بڑے حصے کا تعلق مالیاتی منڈیوں میں نظر آنے والی منفی تبدیلیوں سے ہے، اس لیے ہماری رائے میں مالیاتی شعبے پر ٹرانزیکشن ٹیکس کا نفاذ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ہم یہ نیا ٹیکس جلد از جلد نافذ کرنا چاہتے ہیں اور اس عمل میں کوئی وقت ضائع نہیں کر سکتے‘۔
پیرس حکومت اپنے ان ارادوں پر عملدرآمد میں تیز رفتاری کی قائل ہے۔ پیرس حکومت چاہتی ہے کہ اس مہینے کے آخر تک فرانس میں اس نئے ٹیکس کو منظور کر لیا جائے اور پھر اس پر بلا تاخیر عملدرآمد بھی شروع کر دیا جائے۔ نکولا سارکوزی زور دے کر کہہ چکے ہیں کہ فرانس اس معاملے میں دوسرے ملکوں کے فیصلوں کا انتظار نہیں کرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ نکولا سارکوزی اب چانسلر انگیلا میرکل کو قائل کرنا چاہتے ہیں کہ جرمنی میں بھی اس ٹیکس کا نفاذ جلد از جلد عمل میں آنا چاہیے۔
اس بارے میں فرانسیسی صدر کے مشیر Guaino کہتے ہیں کہ بہتر ہو گا کہ جرمنی بھی اس عمل میں فرانس کا ہم قدم ہو۔ لیکن اگر ضروری ہوا تو شروع میں فرانس یہ قدم اکیلے ہی اٹھائے گا اور توقع کرے گا کہ دوسرے ملک بھی جلد ازجلد ایسا ہی کریں۔
وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل برلن اور پیرس کی طرف سے اپنے طور پر اس ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ہیں۔ میرکل اس نئے ٹرانزیکشن ٹیکس کی حامی تو ہیں لیکن جرمنی یہ بھی چاہتا ہے کہ اس بارے میں یورپی یونین کی دیگر ریاستوں یا کم ازکم یورو میں شامل ملکوں کے ساتھ مل کر کوئی فیصلہ کیا جائے۔
اس ممکنہ ٹرانزیکشن ٹیکس کے حوالے سے یورپی یونین کے کمیشن کے علاوہ اٹلی بھی انفرادی طور پر کسی بھی یورپی ملک میں ایسے نئے ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ہے۔ آج برلن میں ہونے والی ملاقات میں نیا فنانس ٹرانزیکشن ٹیکس میرکل اور سارکوزی کو عمومی توقعات سے زیادہ مصروف رکھے گا لیکن ایک بڑا مسئلہ یورپی یونین کے رکن ملکوں کو درپیش ریاستی قرضوں کا بحران بھی ہو گا، جس پر کھل کر بات چیت کی جائے گی۔
رپورٹ: آنے کرسٹینے ہیک مان، پیرس / مقبول ملک
ادارت: امتیاز احمد