میچ فکسنگ : آئی سی سی اور پی سی بی میں ٹھن گئی
21 ستمبر 2010آئی سی سی جانب سے سپاٹ فکسنگ کے تازہ الزامات کی فوری تحقیقات کے اعلان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے صبر کا پیمانہ چھلک گیا ہے۔ اعجاز بٹ نے ریڈیو ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بکیز کے مطابق انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے اوول کے ون ڈے میں مبینہ طور پر رقم لے کر17رنز میں پانچ وکٹیں گنوائیں ہیں مگر آئی سی سی نے انہیں الزامات سے کلیئر کرکے ہمیں اعتماد میں لئے بغیر پاکستان کے خلاف انکوائری شروع کر دی، جو پاکستان کرکٹ کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔
رواں ماہ کے شروع میں آئی سی سی پہلے ہی لارڈز ٹیسٹ میں مبینہ طور پر جان بوجھ کر نو بال کرنے کی پاداش میں پاکستانی کپتان سلمان بٹ کے علاوہ دو سرکردہ بالرز محمد عامر اور محمد آصف کو معطل کر چکی ہے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ آئی سی سی پاکستانی کھلاڑیوں کا میڈیا ٹرائل کر رہی ہے۔ ان کے بقول ورلڈ کپ سر پر ہے اور آئی سی سی نے ہمارے تین اہم کھلاڑی باہر نکال دیے ہیں۔’’ ہم ان سے ثبوت مانگتے ہیں تو ٹال مٹول سے کام لیا جا تا ہے۔ مگراب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ہم نے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور پاکستان کرکٹ کو بدنام کرنے والوں کا گریبان پکڑ کر انہیں ضرور بے نقاب کریں گے‘‘۔
اعجاز بٹ کے پیش رو اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک سابق چئیرمین شہریار خان نے بھی آئی سی سی کے عجلت میں اقدام کو غلط قرار دیا ہے اور کہا کہ اسے خود ہی کھیل کی ساکھ برباد کرنے سے باز رہنا چاہیے۔ شہر یار خان نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے اوول کے میچ میں برطانوی کرکٹرز کو اسپاٹ فکسنگ سے بری الذمہ قرار دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ تاہم شہر یار خان آئی سی سی کے ساتھ چیئر مین پی سی بی کے اعلان جنگ کو سنگین سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز بٹ کے آئی سی سی کے رکن ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے نا ہونے کی وجہ سے معاملات خراب ہو رہے ہیں۔
اس حوالے سے اعجاز بٹ کہتے ہیں کہ ان کے انگلینڈ کے علاوہ اس وقت آئی سی سی کے بیشتر رکن ممالک کے ساتھ اچھے مراسم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’میں نے آئی سی سی کے شرد پوار سے پاک بھارت سیریز کے انعقاد کی درخواست کی تھی مگر آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے اس دوران ایک نیا شوشا چھوڑ دیا‘‘۔
پی سی بی کے 72سالہ سربراہ سے جب پوچھا گیا کہ آئی سی سی اور برطانوی بورڈ کے ساتھ رسہ کشی کے مضمرات کا انہیں علم ہے تواعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ وہ نتائج سب کے سامنے لانا چاہتے ہیں۔
گزشتہ برس لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے تعلقات میں پہلے ہی کافی سرد مہری تھی مگر اب میچ فکسنگ کے معاملے نے دونوں کو فری ا سٹائل رنگ میں اتاردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اعجاز بٹ کو موجودہ جارحانہ حکمت عملی تشکیل دینے میں حکومت پاکستان کے ہیوی ویٹس کی مکمل آشیر باد حاصل ہے۔
رپورٹ : طارق سعید
ادارت : عدنان اسحاق