1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میچ فکسنگ کے الزامات غلط ہیں: کنیریا

11 اپریل 2010

پاکستانی لیگ سپنر دانش کنیریا نے کہا ہے کہ وہ ہفتے کے روز انگلینڈ کے ایک اخبار میں پولیس کی جاری کردہ اس فہرست کو دیکھ کو حیران رہ گئے، جس میں ان کا نام میچ فکسنگ کے ایک سکینڈل سے جوڑا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/MtEl
تصویر: AP

ایک برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ 29 سالہ پاکستانی بالر کنیریا ایسیکس کاؤنٹی کے ان دو کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، جن کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کے تحت تفتیش کی جا رہی ہے۔ اخبار کے مطابق کنیریا پر میچ میں بے ضابطگی کے الزامات عائد ہیں۔ ہفتے کے روز اخبار میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق : ’’گزشتہ موسم گرما میں ایک میچ کے دوران بدعنوانی کے ایک واقعے میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت ایسیکس ٹیم سے وابستہ کنیرا اور ایک دوسرے کھلاڑی کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔‘‘

دوسری جانب پاکستانی لیگ سپنر دانش کنیریا نے الزامات کوسر اسر بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ صاف اور شفاف کرکٹ کھیلی ہے۔

’’میں صبح اٹھا تو مجھے اس خبر کا پتہ چلا۔ میں حیران رہ گیا۔ اخبار میں چھپنے والی یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ میں نے پاکستان اور ایسیکس کے لئے پوری دیانت داری اور فخر کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔‘‘

کنیریا نے کہا کہ ایسیکس میں تاخیر سے واپسی کی وجہ ان کی پاکستان میں ایک روزہ ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت ہے۔

’’میں نے ایسیکس کو بتا دیا ہے کہ مجھے ڈومیسٹک ایونٹ کھیلنا ہے۔ میں سات اپریل کو وہاں نہیں پہنچ سکتا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ انہوں نے پوری محنت کرکے اپنی ایسیکس ٹیم کو کاؤنٹی چیمیئن شپ میں پہلے ڈویژن تک لانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسیکس کی جانب سے کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ممتاز رہے ہیں اور انہوں نے کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا۔

کنیریا نے کہا کہ وہ کسی بھی تفتیشی عمل کے لئے تیار ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی ان کی ٹیم کی جانب سےان سے اس حوالے سے رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایسی بے بنیاد رپورٹ شائع کرنے پر اخبار کے خلاف قانونی صلاح لیں گے۔

2000 میں اپنا ڈبیو کرنے والے پاکستانی لیگ سپنر کنیریا نے 58 بین الاقوامی ٹیسٹ میچوں میں کھیلتے ہوئے 254 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : کشور مصطفیٰ