میڈونا کی نئی فلم کا ورلڈ پریمیئر وینس فیسٹول میں
30 جولائی 2011میڈونا کی فلم W.E کی کہانی برطانوی بادشاہ ایڈورڈ ہشتم کے رومان پر مبنی ہے۔ بادشاہ ایڈورڈ ہشتم نے مطلقہ امریکی خاتون والیس سمپسن کی محبت کی خاطر تاج و تخت چھوڑ دیا تھا۔ اس داستان محبت کو ایک نئے انداز میں میڈونا نے فلمانے کی کوشش کی ہے۔ اس فلم کے لیے اسکرین پلے بھی انہوں نے اپنے ایک پرانے ساتھی ایلک کشیشیان کے ساتھ مل کر لکھا ہے۔ یہ فلم فیسٹول کے معتبر ایوارڈ گولڈن لائن کے لیے منتخب فلموں میں شامل ہے۔
اس فلم میں بادشاہ ایڈورڈ ہشتم کا کردار جییمز ڈی آرکی نے ادا کیا ہے جبکہ والیس سمپسن کے کردار کو معروف اداکارہ آندریا رائز بارو نے ادا کیا ہے۔ فلم کی ہدایتکارہ میڈونا ہیں۔ امریکی گلوکارہ اس سے قبل سن 2008 میں ایک طربیہ فلم فِلتھ اینڈ وِزڈم (Filth and Wisdom) کو بطور ہدایتکارہ مکمل کر چکی ہیں۔ سن 1991 میں میڈونا کی دستاویزی فلم ٹرُوتھ آر ڈیئر(Madonna: Truth or Dare) کے اسکرین پلے کو ایلک کشیشیان نے ہی لکھا تھا۔
برطانوی بادشاہ کی محبت پر مبنی فلم میڈونا کے فلم پروڈکشن ادارے سیمٹیکس فلمز کے تحت بنائی جا رہی ہے۔ امریکہ میں ریلییز وائن سٹائن کمپنی کے ذمے ہے۔
وینس فلم فیسٹول کے مقابلے میں شامل فلموں میں مشہور و معروف برطانوی ناول وُدرِنگ ہائٹس پر ایک بار پھر بنائی جانے والی فلم بھی شامل ہے۔ ایملی برونٹے کے تاریخ ساز ناول Wuthering Heights پرابک بار پھر بننے والی فلم کی ہدایتکارہ آندریا آرنلڈ ہیں۔ اسی فیسٹول میں رومن پولانسکی کی نئی فلم کارنیج بھی شامل ہے۔ کارنیج معروف فرانسیسی اداکارہ و ڈرامہ نویس یاسمینہ رضا کے ڈرامے پر مبنی ہے۔ اسی طرح نفسیات دانوں کارل ژونگ اور سگمنڈ فرائیڈ کی ایک روسی خاتون نفسیات دان سبینے شپیلرن کی دوستی پر مبنی فلم A Dangerous Method بھی وینس فلم فیسٹول کی منتخب فلموں میں شامل ہے۔ روسی خاتون نفسیات دان سبینے کا کردار خوبرو کیرا نائٹلی نے ادا کیا ہے۔ سبینے شپیلرن کو حقیقی زندگی میں نازی دور کے جرمنی کی خفیہ ایجنسی Einsatzgruppen کے ورکروں نے دو بچوں سمیت ہلاک کردیا تھا۔ گمان کیا جاتا ہے کہ سبینے اور کارل ژونگ کے درمیان رومانی تعلق استوار ہو گیا تھا۔
وینس فلم فیسٹول بین الاقوامی فلمی صنعت کا قدیمی فلمی میلہ تصور کیا جاتا ہے۔ اطالوی شہر وینس میں اس میلے کا آغاز اکتیس اگست سے ہو گا اور اختتامی تقریب دس ستمبر کو منعقد کی جائے گی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل