1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

میکسیکو: زلزلے کے بعد سمندری طوفان، کم از کم 61 ہلاکتیں

9 ستمبر 2017

میکسیکو میں آنے والے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم اکسٹھ ہو گئی ہے۔ دوسری جانب ایک سمندری طوفان بھی اس ملک کی جانب گامزن ہے، جس کے ٹکرانے سے مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2jcwK
Mexiko Erdbeben
تصویر: Reuters/E. Garrido

میکسیکو میں 8.1 شدت کے زلزلے کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم از کم اکسٹھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ حکام کی جانب سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ میکسیکو کی تاریخ میں آنے والے شدید ترین زلزلوں میں سے ایک تھا۔ اس ملک میں گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران آنے والا یہ شدید ترین زلزلہ تھا۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب آنے والے اس زلزلے کی وجہ سے متعدد عمارتیں منہدم ہو گئی تھیں۔ میکسیکو حکام کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ صوبے اوکساکا اور جوختین میں کم از کم چھتیس افراد ہلاک اور 250 زخمی ہوئے ہیں۔

ایک تینتالیس سالہ متاثرہ خاتوں روزا ایلبا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’مکانوں کے ساتھ ساتھ ہم بھی گر گئے ہیں۔ کچھ بھی باقی نہیں بچا۔ ہم زلزلوں کے عادی ہیں لیکن یہ بہت ہی شدید تھا۔‘‘ میکسیکو میں سن 1985 میں آنے والے ایک زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Mexico Juchitan  Erdbeben Soldaten Brgungsarbeiten
تصویر: picture-alliance/AP Photo/L. Cruz

ميکسيکو کے قريب شديد زلزلہ، سونامی کا انتباہ جاری

میکسیکو کے امدادی ادارے ابھی زلزلے کے متاثرین کو مدد فراہم کرنے میں مصروف ہیں لیکن اب اس ملک کو ایک دوسری قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت نے امدادی اداروں کو دوہری ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں کیوں کہ ایک طاقتور سمندری طوفان اس ملک شمالی حصے سے ٹکرانے والا ہے۔ کاٹیا نامی سمندری طوفان کے ساتھ 185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی تھیں لیکن اب اس کی شدت میں انتہائی کمی واقع ہو گئی ہے۔ اس کے باوجود موسلادھار بارشوں سے مٹی کے تودے گرنے کے علاوہ سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔

اس وقت بحر اوقیانوس میں تین سمندری طوفان گردش کر رہے ہیں اور ان میں سے سب سے طاقتور ’ارما‘ سمندری طوفان ہے، جو اس وقت امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب گامزن ہے۔

میکسیکو میں آنے والے زلزلے کا مرکز ٹپاچولا شہر سے 165 کلوميٹر مغرب کی طرف اور پينتيس کلوميٹر کی گہرائی ميں تھا۔ زلزلے کے بعد وسطی امريکا کے متعدد ممالک بشمول السلواڈور، کوسٹا ريکا، گوئٹے مالا، نکاراگوا، پاناما اور ہنڈوراس کے ليے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی تھی۔