میکسیکو میں 'یومِ مردہ ' کی گیندے کے پھولوں کے ساتھ تیاری
کہا جاتا ہے کہ پیلے-نارنجی گیندے کے پھول مرنے والے افراد کو 'مُردوں کے دن' پر زندہ لوگوں کی دنیا میں واپس لے آتے ہیں۔ میکسیکو میں پھولوں کے کاشت کار اس اہم دن سے قبل اپنے کاروبار کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
پھولوں کے کاشت کاروں کے لیے اہم دن
میکسیکو سٹی کے قریب زوکچی ملکو کے پھول اگانے والے علاقے میں کاشت کار اور فیلڈ ورکرز ان دنوں خاص طور پر مصروف ہیں۔ دو نومبر کو ملک میں Dia de Muertos یعنی مُردوں کا دن منایا جائے گا۔ اس دن، شاندار میریگولڈ یا گیندے کے پھولوں سے ملک بھر میں گھروں، قبروں اور عبادت گاہوں کو سجایا جاتا ہے۔
پھولوں کے ساتھ مردہ افراد کی آمد
مردوں کا دن کیتھولک-ہسپانوی اثرات کو مقامی آبائی ثقافت کے ساتھ جوڑتا ہے اور اسے سن 2008 میں یونیسکو کی غیر مادی ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس دن مردوں کو میریگولڈ کی چمکیلی پیلی نارنجی پنکھڑیوں سے قبرستان سے اہل خانہ کے گھروں کا راستہ دکھتا ہے۔
کشتی سے بازار کی جانب
گیندے کے پھولوں کو زوکچی ملکو کے کھیتوں سے نہروں کے راستے کشتیوں میں میکسیکو سٹی کے بازاروں تک پہنچایا جاتا ہے۔
بڑے دن سے پہلے بہت زیادہ ٹریفک
مُردوں کے دن کی آمد سے ہفتوں پہلے ہی نہروں میں گہما گہمی شروع ہو جاتی ہے۔ پھولوں سے بھری ہوئی کشتیاں میکسیکو سٹی کے بازاروں کی جانب بڑھ رہی ہوتی ہیں جبکہ وہاں سے واپس آنے والی خالی کشتیاں تازہ پھولوں کو اٹھانے جاتی ہیں۔
ایک پرانی روایت
"ہم نے اپنے آباؤ اجداد کے زمانے سے ہمیشہ گیندے کے پھولوں کو کاشت کیا ہے۔" پھولوں کے کاشتکار کرسٹوبل گارسیا نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو مزید بتایا "کہا جاتا ہے کہ رنگوں اور خوشبوؤں کی وجہ سے ہمارے مردہ رشتہ دار ہم سے ملنے آتے ہیں۔"
پھولوں کی صنعت کے مسائل
میکسیکو کی پھولوں کی صنعت کو COVID-19 وبائی مرض نے سخت متاثر کیا ہے۔ اب توانائی اور کھاد کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ پیداوار کی لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔ تاہم میریگولڈ کے کسانوں کو یقین ہے کہ وہ اس سال فروخت میں اضافہ کر سکیں گے۔ وبائی مرض کے بعد پہلی بار، یومِ مردہ کی تقریبات ایک بار پھر عوامی سطح پر منعقد کی جا رہی ہیں۔
مزید کوئی پابندیاں نہی
کورونا وبا کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 'مردوں کے دن' کی تقریبات سختی سے روک دی گئی تھیں۔ اہل خانہ کو سخت شرائط کے تحت ہی قبروں کو سجانے کی اجازت تھی۔ اس سال، میریگولڈز ایک بار پھر اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ نمائش کے لیے پیش ہوں گے۔ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو اپنے مرنے والوں کو یاد کرنا چاہتے ہیں۔