1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئی دہلی میں 19ویں کامن ویلتھ گیمز کا شاندار افتتاح

4 اکتوبر 2010

نئی دہلی میں برطانوی دولت مشترکہ میں شامل 71 ملکوں اور علاقوں کے ہزاروں کھلاڑیوں کے مابین کامن ویلتھ گیمز کہلانے والے بین الاقوامی مقابلے آج کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی ایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/PTOd
افتتاحی تقریب میں برطانیہ کی نمائندگی ولی عہد شہزادہ چارلس نے کیتصویر: AP

انتہائی سخت حفاظتی انتطامات کے تحت منعقد کرائے جانے والے یہ بارہ روزہ مقابلے 14 اکتوبر کو ختم ہوں گے۔ نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں برطانیہ کی نمائندگی ولی عہد شہزادہ چارلس نے کی۔ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ان کھیلوں کا افتتاح برطانوی ملکہ الزابیتھ دوئم نے خود نہیں کیا۔

کھیلوں کے ان بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کے لئے بھارتی دارالحکومت میں کئی مہینوں سے زبردست تیاریاں جاری تھیں۔ لیکن اس دوران مختلف تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر اور کئی اسکینڈلز کی وجہ سے ان کھیلوں کے منتظم ادارے اور بھارت کو مجموعی طور پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

Commonwealth Games in Neu Delhi Flash-Galerie
سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئےتصویر: AP

مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شام ان کھیلوں کی کم ازکم تین گھنٹے تک جاری رہنے والی افتتاحی تقریب کے دوران امن عامہ میں کسی بھی قسم کی ممکنہ خرابی کو روکنے کے لئے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ اسٹیڈیم اور اس کے نواحی علاقوں کے علاوہ پورے شہر میں ہزار ہا سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے۔

ان کھیلوں کے افتتاح اور مقابلوں کے انعقاد کے دوران بھارتی سکیورٹی اداروں کو دہشت گردوں کی طرف سے ممکنہ حملوں کا خدشہ بھی رہا، جس کے قبل از وقت تدارک کے لئے اتوار کو شہر میں احتیاطی طور پر تمام مارکیٹیں اور بازار دن بھر بند رکھنے کا حکم بھی دے دیا گیا تھا۔

Indien Commonwealth Games New Delhi Flash-Galerie
رنگا رنگ افتتاحی تقریب تین گھنٹے تک جاری رہیتصویر: AP

ان مقابلوں میں آئندہ گیارہ روز تک چار ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ ان گیمز کے دوران کھیلوں کے 17 مختلف شعبوں میں 272 ایونٹس میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کے مابین مقابلہ ہو گا۔ ان کھیلوں میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، سائیکلنگ، جمناسٹک، ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ بھی شامل ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں