نئی دہلی کی ایک فیکٹری میں آتشزدگی، کم از کم 43 ہلاک
8 دسمبر 2019نئی دہلی پولیس کے ترجمان ایم ایس رندھاوا کے مطابق یہ چار منزلہ فیکٹری انتہائی گنجان آباد علاقے اناج منڈی میں واقع ہے اور جس وقت وہاں آگ لگی اس وقت ورکرز کی اکثریت فیکٹری کی مختلف منزلوں پر سوئی ہو تھی۔
رندھاوا کے مطابق، ''60 سے زائد لوگوں کو اب تک نکالا جا چکا ہے جن میں سے 43 کی موت ہو چکی ہے جس کی وجہ زہریلی گیس میں سانس لینا بنی۔‘‘ پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ 15 سے 20 لوگوں کو قریبی ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
رندھاوا نے مزید بتایا، ''فیکٹری کی ورکشاپس میں تیزی سے آگ پکڑے والا پلاسٹک میٹیریل اور کاغذ موجود تھا جن میں آگ لگنے کے سب زہریلا دھواں خارج ہوا۔ ہمارے دو پولیس اہلکار اور آگ بجھانے والے عملے کے دو اہلکار بھی اس دھوئیں سے متاثر ہوئے، جو اس وقت ہسپتال میں ہیں۔‘‘
دہلی پولیس کے ترجمان کے سربراہ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے اور جیسے ہی تپش میں کمی واقع ہو گی، فرانزک ماہرین اس جگہ کا معائنہ کریں گے۔
بھارت کے اربن ڈویلپمنٹ کے وفاقی وزیر ہردیپ پوری نے جائے حادثہ پر صحافیوں کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے مزدوروں کی زیادہ تر تعداد بھارتی ریاستوں بِہار اور اترپردیش سے تعلق رکتھی ہے۔
نئی دہلی پولیس کے مطابق پولیس اور فائر بریگیڈ کو آج اتوار آٹھ دسمبر کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح 5:22 پر آگ لگنے کے بارے میں اطلاع ملی جس کے چند منٹ بعد ہی آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا گیا۔ اس آپریشن میں آگ بجھانے والی 30 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔
نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروِند کیجریوال کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ کیجریوال نے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
رواں برس ستمبر میں بھارت کے مغربی حصے کی ایک کیمیکل فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک جبکہ 64 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
ا ب ا / ع ب (ڈی پی اے)