نائن الیون کے بیس سال: القاعدہ رہنما الظواہری کی نئی ویڈیو
12 ستمبر 2021لبنانی دارالحکومت بیروت سے اتوار بارہ ستمبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ایمن الظواہری کی یہ نئی ویڈیو گیارہ ستمبر 2001ء کے ٹھیک بیس سال بعد گیارہ ستمبر 2021ء کو جاری کی گئی اور یہ ویڈیو ایک گھنٹہ طویل ہے۔
کل ہفتے کے دن سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ القاعدہ کے حامیوں کو نہ صرف مغربی ممالک بلکہ مشرق وسطیٰ میں ان کے اتحادیوں کے خلاف بھی جنگ کرنا چاہیے۔
القاعدہ کے رہنما قاسم الریمی امریکی حملے میں ہلاک
جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے لکھا ہے کہ یہ ویڈیو گزشتہ برس کے اواخر میں اس وقت سے لے کر اب تک کا ایمن الظواہری کا پہلا پیغام ہے، جب ذرائع ابلاغ میں ایسی غیر مصدقہ رپورٹیں سامنے آئی تھیں کہ دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے سربراہ کا انتقال ہو گیا ہے۔
اس بات کی اب تک کوئی حتمی تصدیق نہیں ہو سکی کہ ایمن الظواہری کا گزشتہ برس واقعی انتقال ہو گیا تھا۔ مزید ابہام اس وجہ سے بھی پیدا ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کی جاری کردہ پروپیگنڈا ویڈیوز کا تجزیہ کرنے والے امریکا میں قائم سائٹ انٹیلیجنس گروپ کے مطابق الظواہری کی نئی ویڈیو کی جانچ پڑتال کے بعد یہ کہنا مشکل ہے کہ تقریباﹰ ایک گھنٹے کی یہ ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی تھی۔
الظواہری کے سال رواں کے آغاز تک زندہ ہونے کا اشارہ
دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے رہنما کی ہفتے کے دن جاری کردہ اس نئی ویڈیو کے بعد کئی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فوٹیج سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ الظواہری رواں سال کے آغاز تک زندہ تھے اور گزشتہ برس کے اواخر میں ان کی موت کی رپورٹیں درست نہیں تھیں۔
پاکستانی پنجاب سے القاعدہ کے پانچ مشتبہ کارکن گرفتار
اس بارے میں سائٹ انٹیلیجنس گروپ کی انتہا پسندانہ ویڈیوز کی ماہر تجزیہ کار ریٹا کاٹس نے کہا کہ اس نئی ویڈیو میں ایمن الظواہری کی طرف سے خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے شمال مغرب میں روسی فوج کے ایک قافلے پر کیے گئے ایک ایسے حملے کا حوالہ دیا گیا ہے، جو یکم جنوری کو کیا گیا تھا۔
افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کا تذکرہ
اپنی اسی ویڈیو میں القاعدہ کے رہنما کی طرف سے افغانستان میں بیس سالہ تعیناتی کے بعد وہاں سے امریکی فوجی انخلا کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔ الظواہری کے الفاظ میں بیس سالہ جنگ کے بعد امریکا 'ٹوٹا ہوا اور زخمی حالت میں‘ افغانستان سے رخصت ہو رہا ہے۔
القاعدہ کے نائب سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق
اس ویڈیو کے افغانستان سے متعلق حصے میں الظواہری نے ہندو کش کی اس ریاست میں کابل کا کنٹرول حاصل کر لینے سے پہلے القاعدہ کے حلیف طالبان کی مسلسل عسکری پیش قدمی کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
عرب ممالک اور اسرائیل کے مابین قربت پر تنقید
القاعدہ کے رہنما نے اس ویڈیو میں چند عرب ممالک کی طرف سے ماضی قریب میں اسرائیل کے ساتھ قائم کیے جانے والے باقاعدہ سفارتی اور تجارتی تعلقات پر تنقید کرتے ہوئے انہیں 'غداری‘ سے تعبیر کیا۔
القاعدہ کی طالبان کے نئے سربراہ کے ساتھ وفاداری کا عزم
متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اور مراکش وہ مسلم اکثریتی خلیجی یا افریقی ممالک ہیں، جنہوں نے گزشتہ برس اسرائیل کو باقاعدہ تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ معاہدے کیے تھے اور جن کے اسرائیل کے ساتھ اب باضابطہ تعلقات ہیں۔
الظواہری کے سر کی قیمت
مصر سے تعلق رکھنے والے ایمن الظواہری نے 2011ء میں القاعدہ کے بانی رہنما اسامہ بن لادن کی پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں ایک خفیہ امریکی فوجی آپریشن کے دوران ہلاکت کے بعد اس دہشت گرد نیٹ ورک کی قیادت سنبھالی تھی۔
امریکا نے الظواہری کی سر کی قیمت 25 ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے اور انسداد دہشت گردی کے امور کے کئی ماہرین کا اندازہ ہے کہ ایمن الظواہری ممکنہ طور پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقے میں کہیں روپوش ہیں۔
م م / ب ج (ڈی پی اے)