1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نابی تاجیما انتقال کر گئیں

22 اپریل 2018

جاپانی شہری نابی تاجیما 117 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ انہیں گزشتہ برس دنیا کی معمر ترین شخصیت ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ جاپانی حکام کے مطابق تاجیما کا انتقال ہفتہ 21 اپریل کو ہوا۔

https://p.dw.com/p/2wSjG
Tajima Nabi, älteste Frau der Welt 2015
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Town/Kyodo

دنیا کی معمر ترین شخصیت قرار دی جانے والی خاتون کی موت کی تصدیق آج اتوار 22 اپریل کو کر دی گئی ہے۔ ایک سو سترہ سالہ نابی تاجیما جاپان کی شہری تھیں۔ مقامی طبی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ تاجیما کی موت قدرتی وجوہات کی بنا پر ہوئی۔

چار اگست 1900ء کو پیدا ہونے والی نابی تاجیما کا انتقال ہفتہ 21 اپریل کو ان کے آبائی جاپانی جزیرے کیکائی جیما کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ وہ رواں برس جنوری میں اس ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ اطلاعات کے مطابق تاجیما کی اولاد اور پھر اُن کی اولاد کی کُل تعداد 160سے زائد ہے۔

تاجیما کو گزشتہ برس ستمبر میں اس وقت دنیا کے معمر ترین فرد کا اعزاز حاصل ہوا تھا جب اس سے قبل اس ٹائٹل کی حامل جمائیکا خاتون وائلٹ براؤن انتقال کر گئی تھیں۔ عالمی ریکارڈ مرتب کرنے والی تنظیم گنیز ورلڈ ریکارڈز تاہم اس بات کی تصدیق کے لیے تحقیقات میں مصروف تھی کہ تاجیما ہی دنیا کی معمر ترین شخصیت تھیں۔ اس تنظیم نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک جاپانی مرد ماسازو نوناکا کو دنیا کا معمر ترین فرد قرار دیا تھا جن کی عمر 112 برس ہے۔

Jamaika Violet Brown Älteste Frau der Welt gestorben
تاجیما کو گزشتہ برس ستمبر میں اس وقت دنیا کے معمر ترین فرد کا اعزاز حاصل ہوا تھا جب اس سے قبل اس ٹائٹل کی حامل جمائیکا خاتون وائلٹ براؤن انتقال کر گئی تھیں۔ تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Simpson

جاپانی حکومت کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس اس ملک میں ایسے افراد کی تعداد 67,824 تھی جبکہ 1963ء میں ایسے افراد محض 153 تھے۔

ا ب ا / ص ح (اے ایف پی، روئٹرز)