1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناسا نے بھی سمندری سطح بڑھنے کی تصدیق کر دی

افسر اعوان27 اگست 2015

دنیا بھر میں سمندر کی سطح‌ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ناسا کے سیٹلائٹس سے حاصل ہونے والے تازہ ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ ایک سے دو سو صدیوں میں سمندروں کی سطح میں ایک میٹر یا اس سے بھی زائد اضافے سے بچنا ناممکن ہے۔

https://p.dw.com/p/1GMtm
تصویر: NASA.gov

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گرین لینڈ اور انٹارکٹیکا یا قطب جنوبی پر برف کے تودے اب تک کی سب سے زیادہ رفتار سے پگھل رہے ہیں جبکہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں سمندروں کے درجہ حرارت اور ان کے پھیلاؤ میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کے ’ارتھ سائنس ڈویژن‘ کے ڈائریکٹر مشائیل فریلش کے مطابق سمندروں کی سطح میں اضافے کے دنیا بھر پر ’گہرے اثرات‘ مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا، ’’150 ملین سے زائد افراد جن میں سے زیادہ تر براعظم ایشیا میں ہیں، سمندروں کی موجود سطح سے ایک میٹر یا اس سے کم سطح پر رہتے ہیں۔‘‘

سطح سمندر سے کم اونچائی پر موجود علاقوں میں امریکی ریاست فلوریڈا بھی شامل ہے اس کے علاوہ دنیا کے بعض بڑے شہر مثلاﹰ سنگاپور اور ٹوکیو بھی شامل ہیں۔ فریلِش کے مطابق سمندروں کی سطح میں اضافے سے ’’پیسیفک کے جزائر پر مشتمل بعض جزائر پر مشتمل اقوام مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہیں۔‘‘

امریکی خلائی تحقیقی ادارے کے ماہرین نے سمندروں کی سطح سے متعلق موجودہ اعداد وشمار کے حوالے سے رپورٹرز کو بتایا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ عالمی سطح پر ساحلوں کی صورتحال آنے والے برسوں میں بہت مختلف ہو جائے گی۔ ناسا کے سطح سمندر میں اضافے پر نظر رکھنے والی ٹیم کے سربراہ اور یونیورسٹی آف کولوراڈو سے تعلق رکھنے والے ماہر اسٹیو نیریم کے مطابق، ’’ہم اب تک عالمی حدت میں جتنا اضافہ کر چکے ہیں اس سے سمندروں کی سطح میں شاید تین فُٹ تک اضافے کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔‘‘ انہوں نے رپورٹرز کو مزید بتایا، ’’یہ صورتحال مستقبل میں ممکنہ طور پر مزید خراب ہو گی۔۔۔ سب سے بڑی بے یقینی اس بات کی پیشگوئی کرنے میں ہے کہ قطبین پر موجود برف کے تودے کتنی تیزی سے پگھلتے ہیں۔‘‘

گرین لینڈ اور قطب جنوبی پر برف کے تودے اب تک کی سب سے زیادہ رفتار سے پگھل رہے ہیں
گرین لینڈ اور قطب جنوبی پر برف کے تودے اب تک کی سب سے زیادہ رفتار سے پگھل رہے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/NASA

اس سے قبل عالمی سطح پر سمندروں کی سطح میں اضافے سے متعلق پیشگوئی اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پینل (IPCC) کی طرف سے 2013ء میں کی گئی تھی۔ بین الاقوامی ماہرین کے متفقہ اندازوں کی روشنی میں IPCC کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ رواں صدی کے آخر تک سمندروں کی سطح میں ایک سے تین فٹ تک اضافہ ہو جائے گا۔ نیریم کے مطابق سیٹلائٹس کی مدد سے حاصل ہونے والے تازہ اعداد وشمار سے معلوم ہوا ہے کہ ممکنہ طور پر سمندروں کی سطح میں اضافہ اس پیشگوئی میں بتائے گئے زیادہ سے زیادہ اندازوں جتنا ہو سکتا ہے۔