نواز شریف 13 جولائی کو پاکستان پہنچیں گے
8 جولائی 2018جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق لندن میں مریم نواز شریف نے اعلان کیا، ’’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم جمعہ 13 جولائی کو پاکستان لوٹیں گے۔‘‘ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی پاکستانی عدالت نے سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔ مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک برس جیل کی سزا سنائی گئی تھی۔
تین مرتبہ ملک کے وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف ان دنوں اپنی بیٹی کے ساتھ لندن میں ہیں جہاں ان کی اہلیہ کلثوم نواز کینسر کے علاج کے لیے ہسپتال میں ہیں۔
پاکستان کے قومی احتساب بیورو (NAB) کی ایک عدالت نے جمعہ چھ جولائی کو نواز شریف کو ان کی غیر موجودگی میں 10 برس جیل کی سزا سنائی تھی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے اثاثے ان کی انکم سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان اثاثوں میں لندن کے لگژری فلیٹ بھی شامل ہیں۔
نواز شریف کی سیاسی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’پورے ملک سے جماعت کے ورکرز اپنے رہنما کو خوش آمدید کہنے کے لیے ایئرپورٹ پہنچیں گے۔‘‘ مشاہد اللہ خان کے مطابق نواز شریف اسلام آباد لینڈ کریں گے اور وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔
دوسری طرف نیب کے ترجمان بلال پنوں نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ہم نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے نواز شریف اور ان کے صاحبزادی کو گرفتار کرنے کے لیے لاہور اور اسلام آباد میں انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔‘‘
نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر گرفتار
دوسری طرف پاکستانی پولیس نے نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو اتوار آٹھ جولائی کو راولپنڈی میں گرفتار کر لیا ہے۔ محمد صفدر کو نیب عدالت کی طرف سے جمعہ چھ جولائی کو ایک برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
اس فیصلے کے بعد سے محمد صفدر منطر سے غائب تھے تاہم آج اتوار کے روز وہ اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ راولپنڈی میں ایک ریلی کی قیادت کر رہے تھے جب پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔ اس ریلی کا مقصد 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے عوام کو متحرک کرنا تھا۔
ا ب ا ع ح (ڈی پی اے، اے پی)