1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نوبل انعام برائے ادب چینی ادیب مو یان کے نام

Maqbool Malik11 اکتوبر 2012

سویڈش اکیڈمی کی طرف سے اس برس کے نوبل انعام برائے ادب کے لیے معروف چینی ادیب مو یان کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/16OHF
تصویر: picture alliance/dpa

سویڈش اکیڈمی نے آج اپنے اعلان میں 57 سالہ مو کے فن کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تحریروں میں فوک داستانوں، تاریخ اور عصر حاضر کے واقعات کو سموتے ہوئے ’خواب ناک حقیقت پسندی‘ کا اظہار کرتےہیں۔

مو یان یعنی ’مت بولو‘ کے قلمی نام سے لکھنے والے اس ادیب کا اصل نام گوآن موئے ہے۔ ادب کے گزشتہ پانچوں نوبل انعامات یورپی ادیبوں کے حصے میں آئے تھے۔ 2011ء میں یہ انعام سویڈن کے شاعر ٹوماس ٹرانسٹرومر کو ملا تھا۔

مو یان یعنی ’مت بولو‘ کے قلمی نام سے لکھنے والے اس ادیب کا اصل نام گوآن موئے ہے
مو یان یعنی ’مت بولو‘ کے قلمی نام سے لکھنے والے اس ادیب کا اصل نام گوآن موئے ہےتصویر: picture alliance/dpa

مو یان چین کے شمال مشرقی صوبہ شین ڈونگ کے علاقے گاؤمی میں پروان چڑھے۔ ان کے والدین کسان تھے۔ سویڈش اکیڈمی کے سربراہ پیٹر اینگلُنڈ کے مطابق، ’’ان کا لکھنے کا انداز انتہائی جداگانہ ہے۔ اگر آپ مو کا لکھا ہوا آدھا صفحہ بھی پڑھ لیں تو آپ پہچان لیں گے کہ یہ انہی کی تحریر ہے۔‘‘

اینگلُنڈ نے سویڈن کے ایک ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مو کو اس انعام کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے:’’وہ اپنے والد کے ساتھ اپنے گھر پر ہی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت زیادہ خوش اور کسی حد تک خوفزدہ ہیں۔‘‘

سویڈن کے معروف موجد الفریڈ نوبل کی خواہش پر نوبل انعام دینے کا سلسلہ 1901ء میں شروع کیا گیا تھا
سویڈن کے معروف موجد الفریڈ نوبل کی خواہش پر نوبل انعام دینے کا سلسلہ 1901ء میں شروع کیا گیا تھاتصویر: dapd

نوبل انعام کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ مو اپنی تحریروں میں تخیل اور حقیقت، تاریخی اور سماجی پیش منظر کی آمیزش سے ایک ایسی دنیا تخلیق کرتے ہیں جو ولیم فاکنر اور گابریل گارشیا مارکیز کی تحریروں کی یاد تازہ کرا دیتی ہے۔

مغرب میں مو کی پہچان دراصل ان کی تحریر ’ریڈ سورغم‘ یعنی سرخ سُرغو بنی جو کمیونزم کے ابتدائی سالوں میں کسانوں کو درپیش مسائل کی منظر کشی کرتی ہے۔ ان کی کتابوں میں ’بِگ بریسٹ اینڈ وائڈ ہِپس‘ اور ’ری پبلک آف وائن‘ بھی شامل ہیں۔

سال 2012 کا نوبل انعام برائے طب

سال 2012 کا نوبل انعام برائے طبیعیات

سال 2012 کا نوبل انعام برائے کیمیا

سویڈن کے معروف موجد الفریڈ نوبل کی خواہش پر نوبل انعام دینے کا سلسلہ 1901ء میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ انعام ہر سال طب، طبیعیات، کیمیا اور ادب کے شعبوں میں دیا جاتا ہے۔ اس انعام کے ساتھ 1.2 ملین ڈالر کے برابر رقم بھی دی جاتی ہے۔

aba/aa (Reuters)