1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نٹس کا استعمال شوگر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند

13 جولائی 2011

تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ غیر صحت مندانہ خوراک کے مقابلے میں سخت چھلکوں والے گری دار میوے انسانی صحت کے لیے مفید ہیں، خاص طور پر ان کا استعمال زیادہ کولیسٹرول اور ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

https://p.dw.com/p/11u6n
تصویر: Fotolia/Bogdanski

خشک میوہ جات کے بارے میں تازہ ریسرچ کے اعداد و شمار کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی کے ریسرچرز کی ٹیم کے ایک رکن سیرل کینڈل نے ذرائع ابلاغ کو فراہم کیے۔ ان کے مطابق خشک میوہ جات سے مراد صرف سخت چھلکوں والے گری دار میوے یا جنہیں انگریزی میں Nuts کہتے ہیں ہیں۔ ان میں وہ فروٹس یا پھل شامل نہیں ہیں، جن کو خشک کر کے استعمال کیا جاتا ہے۔ سیرل کینڈل کے مطابق نٹس یا بادام، اخروٹ، پستہ وغیرہ انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں۔

Wort der Woche Studentenfutter
گری دار میوے مفید خیال کیے جاتے ہیںتصویر: picture alliance/Arco Images

ٹورنٹو یونیورسٹی کی محققین کی ٹیم نے جو ریسرچ اس مناسبت سے مکمل کی ہے، وہ ذیابیطس یا شوگر بیماری کے بین الاقوامی شہرت کے جریدے ’’ ڈائیابیٹکس کیئر‘‘ میں شائع کی گئ ہے۔ یہ ریسرچ ٹورنٹو یونیورسٹی کے شعبہ نیوٹریشنل سائنسز نے ترتیب دی تھی۔ اس میں کلینیکل نیوٹریشن اور رسک فیکٹر کے ماہرین بھی شامل تھے۔ سیرل کینڈل بھی ٹورنٹو یونیورسٹی کے شعبہ نیوٹریشنل سائنسز کے ریسرچ ایسوسی ایٹ ہیں۔

نئی تحقیق کے نتائج کے مطابق سخت چھلکوں والے گری داری میووں سے خاص طور پر شوگر یا ذیابیطس کا کنٹرول مؤثر ہے۔ ان کے باقاعدہ استعمال سے خون میں شکر کی مقدار اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرنا ممکن ہے۔

Deutschland Lebensmittel Gesundheit Pistazien Krebs
نٹس یقینی طور پر ہالی کیلوری فوڈ خیال کیے جاتے ہیںتصویر: AP

اس مناسبت سے محققین نے مختلف مریضوں کو ان کے ناشتے میں شامل نشاستہ دار یا کاربو ہائیڈریٹس کی جگہ آدھے چائے کے کپ کے برابر نٹس کو شامل کیا۔ ناشتے میں شامل نٹس کا وزن دو اونس رکھا گیا اور اس سے حاصل ہونے والی کیلوریز کی تعداد ساڑھے چارسو بنتی ہے۔ اگلے تین مہینوں کے بعد ان مریضوں کے خون کے ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ ان میں پہلے سے موجود کولیسٹرول اور شوگر کی سطح خاصی کم ہو گئی ہے۔

تازہ تحقیق کے عمل میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ نٹس یا سخت چھلکوں والے گری دار میووں میں پائی جانے والی چکنائی صحت مند ہونے کے علاوہ قابل تحلیل یا خون میں جذب ہونے کی وجہ سے دل کے لیے مضر نہیں ہوتی۔ ریسرچر کے مطابق نٹس میں کیلوریز کی تعداد زیادہ ہوتی ہے اور اس باعث مریض یا استعمال کرنے والے دوسری نشاستہ دار اشیاء کو اپنی خوراک میں کم سے کم شامل کریں تو دوسری پیچیدگی سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

نٹس کے حوالے سے گزشتہ دنوں ایک ریسرچ عام کی گئی تھی اور اس میں خاص طور پر بادام کھانے کو اہمیت دی گئی تھی۔ اس ریسرچ میں بھارتی ریسرچر بھی شامل تھے اور یہ بھی شوگر یا ذیابیطس کے لیے مفید بتائی گئی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں