نیا آئی فون ستمبر میں
30 مارچ 2014جاپان کے نکئی بزنس ڈیلی کی ایک رپورٹ کے مطابق نئے آئی فون کو متوقع طور پر آئی فون سِکس کا نام دیا جائے گا اور یہ 4.7 اور 5.5 کی اسکرینز کے ساتھ دو مختلف ورژنز میں دستیاب ہوگا۔ اسکرین کے یہ دونوں سائز موجودہ اسکرین سے بڑے ہیں جو چار انچ پر مشتمل ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی ایپل جاپانی الیکٹرانک کمپنی شارپ، جاپان ڈسپلے اور جنوبی کوریا کی کمپنی ایل جی ڈسپلے کو ہائی ریزولوشن لیکوئڈ کرسٹل ڈسپلے اسکرینز کی تیاری کا آرڈر دے رہی ہے۔
ایپل کی طرف سے آئی فون فائیو ستمبر 2012ء میں متعارف کرایا گیا تھا جبکہ اسی کے دو نئے ورژن گزشتہ برس یعنی 2013ء کے اختتام میں لائے گئے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایپل کمپنی کے جاپان میں موجود ترجمان سے فوری طور پر نکئی بزنس ڈیلی کی اس رپورٹ کے بارے میں ردعمل جاننے کے لیے رابطہ نہیں ہو سکا۔
قبل ازیں رواں ماہ کے دوران ہی تائیوان کے کمرشل ٹائمز کے مطابق تائیوان سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی نے نئے آئی فون کے لیے پراسیسر چپس تیار کرنا شروع کر دی ہیں۔ اس خبر کے بعد یہ افواہ بھی سامنے آئی کہ ایپل ساؤتھ کوریا کی کمپنی اور موبائل فون انڈسٹری میں اپنے سب سے بڑے حریف سام سنگ پر پرزہ جات کے حوالے سے انحصار کم کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ ایپل اور سام سنگ کے درمیان کاپی رائٹس کے معاملے پر عالمی سطح پر قانونی جنگ بھی جاری ہے۔
سام سنگ نے رواں برس فروری میں اپنا معروف اسمارٹ فون گلیکسی ایس فائیو متعارف کرایا تھا۔ اس نئے فون میں فنگر پرنٹ اسکینر کے علاوہ دل کی دھڑکن بتانے والا بِلٹ ان سینسر بھی موجود ہے۔ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی ایس فائیو کی عالمی سطح پر فروخت کا آغاز 11 اپریل سے شروع کیا جائے گا۔
عالمی سطح پر گزشتہ برس کے دوران فروخت ہونے والے اسمارٹ کا قریب 30 فیصد سام سنگ کمپنی کے تیار کردہ اسمارٹ فونز تھے۔ یہ تعداد ایپل کے آئی فون کے مقابلے میں قریب دو گنا ہے۔