نیاگرا آبشار بھی جم گئی، تصاویر
خوبصورت موسم سرما سے لطف اندوز ہونے والے سیاح ان دنوں نیاگرا آبشار کے حسین مناظر کی تعریف کر رہے ہیں۔ دنیا کی یہ مشہور آبشار منجمد ہو کر سفید اور سیاہ پینٹنگ میں تبدیل ہو چکی ہے۔
سفید لباس میں
درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے اور اس آبشار کا پانی برف کی صورت میں جادوئی مناظر پیش کر رہا ہے۔ یہ صورتحال شمالی امریکا سے گزرنے والی سردی کی شدید لہر کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ کینیڈا سے آنے والی برفانی ہواؤں نے موسم میں مزید شدت پیدا کر رکھی ہے۔
منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ
امریکی قومی محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز بھی ملک کے مشرقی علاقوں میں موسم سرد اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گریٹ لیکس ریجن میں درجہ حرارت منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے اور نیاگرا آبشار بھی اسی علاقے میں واقع ہے۔
برف اور پانی کا کھیل
نیاگرا آبشار کے تہہ اور بالائی سطح پر برف کے بڑے بڑے بلاک تشکیل پا چکے ہیں لیکن پانی ابھی بھی رواں دواں ہے۔ پانی مکمل طور پر نہیں جما ہے بلکہ اردگرد سے نئے راستے بناتا ہوا بہہ رہا ہے۔ بلندی سے لی گئی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ پانی برف کے نیچے بلاکس کو توڑنے ہوئے بھی اپنا راستہ بنا رہا ہے۔
منفرد تصاویر
نیاگرا آبشار اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پہلے ہی تصاویر لینے کے لیے مشہور ہے لیکن برفیلے مناظر تصاویر کے شوقین افراد کے لیے نایاب مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ وہاں پر موجود ایک سیاح ایما گرافہم کا سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں یوں محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ فلم ’فروزن‘ کا حقیقی کردار ہوں۔
سیاحوں کی آمد
شدید سرد موسم کے باوجود مقامی اور دنیا کے مختلف حصوں سے سیاح نیاگرا آبشار دیکھنے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ ان میں سے بہت سے سیاح اپنے تجربات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کر رہے ہیں اور برف کے اس دیس کی تصاویر کو پسند بھی کیا جا رہا ہے۔
نیاگرا کیسے پہنچا جائے؟
یہ آبشار کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو اور امریکی ریاست نیویارک کے درمیان واقع ہے۔ امریکا اور کینیڈا سے بذریعہ ہوائی جہاز، سڑک یا ریل گاڑی نیاگرا پہنچا جا سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بذریعہ نیاگرا رابطہ ریل سے ہے جہاں دریائے نیاگرا پر دو پل واقع ہیں۔
کینیڈا اور امریکا
آبشار کا زیادہ حسین حصہ کینیڈا کی سرحد کے اندر ہے، جس کے لیے ’قوس قزح پل‘ کے ذریعے، گاڑی یا پھر پیدل کینیڈا میں داخل ہوا جا سکتا ہے۔ امریکا اور کینیڈا کے شہریوں کو سرحد عبور کرنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی جبکہ دیگر ممالک کے باشندوں کے لیے ویزا لازمی ہے۔