نیدرلینڈ کوارٹر فائنل میں برازیل سے ٹکرائے گا
29 جون 2010شائقین فٹبال کو ہفتہ دو جولائی کو جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان یورپی اور لاطینی فٹبال کے ٹکراؤ سے قبل جمعہ کو بھی ایسا ہی کھیل دیکھنے کو ملے گا۔
جنوبی افریقہ میں پیر کو پری کواٹر مرحلے کے دو مقابلے منعقد ہوئے۔ ان میں نیدرلینڈ نے سلوواکیہ کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے ہرایا جبکہ برازیل نے چلی کو صفر کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دی۔
پہلے میچ میں دونوں یورپی ٹیموں کے درمیان کھیل خاصا دلچسپ رہا اور دونوں ٹیموں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے۔
نیدرلینڈ کی جانب سے آریان روبن اور ویسلے شنائیڈر نے گول کئے جبکہ سلوواکیہ کا واحد گول رابرٹ ویٹیک نے کیا۔ یہ گول کھیل کے آخری لمحات میں نیدرلینڈ کے گول کیپر کے فاؤل کے باعث سلوواکیہ کو ملنے والی پنیلٹی کک پر کیا گیا۔ نیدرلینڈ کے خلاف میچ میں سلوواکیہ کے گول کیپر یان مووشا نے تین یقینی گول بچائے اور شائقین کی داد حاصل کی۔
سلوواکیہ کی ٹیم جمعرات 24 جون کو دفاعی چیمپیئن اٹلی کو دو کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل مرحلے تک پہنچی تھی۔ یاد رہے کہ سلوواکیہ نے پہلے بار ورلڈ کپ میں شرکت کی ہے۔ سلوواکیہ کی فٹبال فیڈریشن 1993ء میں چیکوسلواکیہ کے تقسیم کے بعد قائم ہوئی تھی اور اسی سال فیفا اور یوئیفا کی رکن بنی تھی۔
پیر ہی کو پری کوارٹر فائنل مرحلے کی اگلے میچ میں پانچ بار کی عالمی چیمپیئن اور فیفا کی درجہ بندی میں سرفہرست ٹیم برازیل نے چلی کو باآسانی صفر کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دی۔ لاطینی امریکہ کی ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ پر برازیل ہر طرح سے چھایا رہا۔ کھیل کے ابتدائی نصف گھنٹے میں چلی نے برازیل کو قابو کر رکھا تھا مگر اس کے بعد برازیل کھلاڑیوں نے اپنے کھیل کا جادو جگانا شروع کیا۔
فاتح ٹیم کی طرف سے پہلے ہی ہاف میں جووآن سلویئیرا اور لوئیس فابیانو نے گول کردئے تھے۔ کھیل ختم ہونے سے تھوڑی دیر قبل روبسن روبنہو نے ایک اور گول کرکے چلی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
منگل کو پری کوارٹر فائنل مرحلے کے آخری دو میچوں میں پیراگوائے کا جاپان سے جبکہ سپین کا پرتگال سے مقابلہ ہوگا۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : افسر اعوان