1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیمار کی اپنے مداحوں سے معذرت

30 جولائی 2018

دنیائے فٹ بال کے اسٹار برازیلین کھلاڑی نیمار نے اعتراف کر لیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2018 کے مقابلوں کے دوران انہوں نے ڈائیو لگانے اور غلط فاؤلز لینے کی خاطر گرتے ہوئے’مبالغہ آرائی‘ کی تھی۔

https://p.dw.com/p/32Jpz
Fußball WM 2018 | Neymar
تصویر: picture-alliance/CITYPRESS 24/T. Bernardes

خبر رساں ادارے روئٹرز نے تیس جولائی بروز پیر برازیل کے فارورڈ کھلاڑی نیمار کے حوالے سے لکھا ہے کہ وہ کھیل میں اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے میچوں کے دوران انہوں نے فیلڈ میں گرنے میں ’مبالغہ آرائی‘ کی تھی۔ نیمار نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں مزید کہا کہ وہ ابھی تک اس کوشش میں ہیں کہ کھیل کے دوران دباؤ اور پریشانی پر قابو پا لیا جائے۔

نوے سیکنڈ دورانیے کی ایک ویڈیو میں نیمار نے کہا، ’’آپ کو شاید یہ خیال گزرا ہو کہ میں نے مبالغہ آرائی کی تھی۔ یقینی طور پر کبھی کبھار میں نے یہ کیا، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ کھیل کے دوران مجھے بہت کچھ برداشت بھی کرنا پڑا۔‘‘

چھبیس سالہ نیمار کا کہنا تھا کہ ابھی تک ان کی ذات میں ایک بچہ موجود ہے۔ کبھی کبھار یہ بچہ دنیا کو مسحور کرتا ہے اور کبھی کبھی یہ مجھے تنگ بھی کرتا ہے۔‘‘

فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کے اسٹرائیکر نیمار کے بارے میں توقع کی جا رہی تھی کہ روس میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں میں اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہوئے وہ زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے تاہم وہ ایسا نہ کر سکے اور برازیل کی ٹیم کوارٹر فائنل تک بھی رسائی حاصل نہ کر سکی۔

نیمار کے مطابق، ’’جب آپ کو لگتا ہے کہ میں بدتمیزی کر رہا ہوں، تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں ایک بگڑا ہوا بچہ تھا، بلکہ اس کی وجہ یہ ہے کہ میں ابھی تک پریشانی اور دباؤ سے مقابلہ کرنا نہیں سیکھ سکا۔‘‘

اس پیغام میں نیمار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان پر کی جانے والی تنقید کو قبول کرنے میں انہوں نے تاخیر کر دی کیونکہ اس کی وجہ یہ رہی کہ انہیں خود پر غور کرنے اور ایک بہتر مرد میں بدلنے میں دیر ہوئی، ’’لیکن اب میں ایک نئے چہرے اور نئے دل کے ساتھ آپ کے سامنے ہوں۔‘‘

نیمار ماضی میں ہسپانوی کلب بارسلونا کے لیے بھی کھیل چکے ہیں اور انہیں پرتگیزی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے اسٹار لیونل میسی کے بعد ایک بہترین کھلاڑی قرار دیا جاتا ہے۔

ع ب / م م /  خبر رساں ادارے