1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیو یارک میں فائرنگ، چار افراد ہلاک

12 اکتوبر 2019

امریکی شہر نیو یارک میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم چار افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے تناظر میں ابھی تک کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3RBct
USA - Bewaffnete Polizisten
تصویر: Getty Images/S. Platt

نیو یارک کے پولیس محکمے ( این وائی پی ڈی) کے تفتیش کار ڈرموٹ شیئے کے مطابق 'ٹرپل اے پرائیوٹ اینڈ سوشل‘ نامی کلب جوئے کا ایک غیر قانونی اڈہ تھا۔ ابتدائی تفتیش سے علم ہوا ہے کہ کم از کم پندرہ فائر کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بروکلن کے علاقے میں کراؤن ہائٹس کے قریب واقع اس سوشل کلب کو ہفتے کی علی الصبح سات بجے نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے میں تین افراد معمولی زخمی ہیں، جن میں ایک خاتون اور دو مرد ہیں۔

USA New York Autoanschlag in Manhattan
تصویر: Reuters/A. Kelly

ڈرموٹ شیئے  کے بقول اس بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے کا تعلق جوا بازی کے دوران شروع ہونے والے کسی تنازعے سے ہے یا پھر یہ لوٹ مار کا کوئی واقعہ ہے۔ شیئے نے مزید کہا کہ ابھی تک دو ہتھیار قبضے میں لیے گئے ہیں اور تلاشی کے دوران اگر عمارت سے مزید ہتھیار برآمد ہوئے تو انہیں حیرت نہیں ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بظاہر ایسا دکھائی نہیں دیتا کہ کسی جرائم پیشہ گروہ نے یہ کارروائی کی ہو۔

Proteste gegen Waffengewalt in den USA
تصویر: Getty Images/S. Platt

ہلاک ہونے والوں کی عمریں 32 سے 49 سال کے درمیان تھیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پر رونما ہوا ہے، جب ابھی گزشتہ ماہ ہی اس شہر میں فائرنگ کے واقعات 1994ء کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آگئے تھے۔  این وائی پی ڈی نے سن 1994 سے جرائم کے اعدادو شمار رکھنے کے لیے 'Compsat' نامی پروگرام شروع کیا تھا۔

 امریکا میں اسلحہ رکھنے کا رواج عام ہے ۔ تاہم نیو یارک میں اسلحہ خریدنا، اسے اپنے پاس رکھنا یا اسے ساتھ لے کر باہر نکلنے کے حوالے سے قوانین انتہائی سخت ہیں۔ نیو یارک میں نئے قوانین کے اطلاق کے بعد اسلحہ فروخت کرنے والوں پر بھی لازم کیا گیا تھا کہ وہ اپنے صارف کے بارے میں چھان بین کریں۔