1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے ویٹرس سے معذرت کر لی

عاطف توقیر22 اپریل 2015

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے آکلینڈ کیفے کی ایک ویٹرس سے معذرت کی ہے۔ اس سے قبل اس ملازمہ نے شکایت کی تھی کہ جان کی نے متعدد مواقع پر ان کی چٹّیا کھینچی۔

https://p.dw.com/p/1FCJU
تصویر: Getty Images/H. Hopkins

وزیراعظم کی ایک ترجمان نے بدھ کے روز کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم کی نے اس ہوٹل ملازمہ سے باقاعدہ معذرت کی ہے۔

اس ویٹرس نے اپنا نام ظاہر کیے بغیر ایک ویب سائٹ ’ڈیلی بلاگ‘ میں ایک مراسلہ لکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا، ’کی نے کسی اسکول کے میدان میں کھیلنے والے لڑکے کی طرح کے رویّے کا مظاہرہ کیا، جو چھوٹی بچیوں کی چٹّیا کھینچتے پھرتے ہیں، اور ان پر اپنے زیادہ طاقت ور ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔‘

وزیراعظم کی ترجمان کے مطابق یہ واقعات اسی کیفے میں پیش آئے، جس میں وزیراعظم اپنی اہلیہ کے ہمراہ متواتر جاتے ہیں۔

Parlamentswahlen in Neuseeland John Key 20.9.2014
وزیراعظم کی نے اس ویٹرس سے معافی طلب کیتصویر: Reuters

’’دونوں کے تعلقات اس کیفے میں کام کرنے والوں سے نہایت اچھے ہیں۔ ایسا کوئی فعل مذاقاﹰ ہو سکتا ہے اور وزیراعظم کا مقصد کبھی اس لڑکی کو برا محسوس کرانا ہر گز نہیں تھا اور انہوں نے اس لڑکی سے معذرت کی ہے۔‘

اس ویٹرس کا کہنا تھا کہ یہ واقعات اس وقت پیش آئے، جب سن 2014ء میں کی نے عام انتخابات کے لیے اپنی مہم کے دوران اس کیفے میں زیادہ آناجانا شروع کیا۔ ’اس دوران انہوں نے کئی بار میری چٹّیا کھینچی، جس سے مجھے محسوس ہوا، جیسے میں کم طاقت ور ہوں۔‘

اس ویٹرس کے مطابق، ’ایک مرتبہ کی نے کہا کہ یہ ترسانے والی چٹّیا ہے۔‘

اس ویٹرس نے مزید کہا، ’آخری بار یہ واقعہ 26 مارچ کو رونما ہوا، تو میں نے کی سے کہا کہ اب ایسا مت کیجیے گا ورنہ میں تمہیں ماروں گی۔‘

اس ویٹرس کے مطابق، ’کی اسی روز دوبارہ کیفے میں آئے اور ان کے ہمراہ وائن کی دو بوتلیں بھی تھیں اور انہوں نے کہا یہ تمہارے لیے ہیں۔ میں معذرت چاہتا ہوں، مجھے احساس نہیں تھا۔‘