نیویارک سب وے اسٹیشن میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی
13 فروری 2024نیویارک سٹی پولیس نے کہا ہے کہ وہ ایک بندوق بردار کی تلاش کر رہے ہیں جس نے پیر کے روز برونکس میں ایک سب وے ٹرین اور اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر فائرنگ کی تھی، جس میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی اور پانچ دیگر افراد زخمی ہوگئے تھے۔
نیویارک سٹی پولیس محکمہ کے حکام نے اسٹیشن، جہاں تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا، کے باہر ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سب وے اسٹیشن میں نوجوان دوستوں کے درمیان کسی تنازع پر بحث جاری تھی کہ اچانک ایک شخص نے پستول نکال کر فائرنگ کردی۔
امریکہ: بفلو کی سپرمارکیٹ میں فائرنگ، دس افراد ہلاک
انہوں نے بتایا کہ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔ پولیس نے سب وے اسٹیشن حکام سے تفتیش اور مختلف علاقوں میں ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔
ہم اس بارے میں مزید کیا جانتے ہیں؟
پولیس نے بتایا کہ پہلی گولی ٹرین کے اندر چلائی گئی۔ لیکن جنہیں گولیاں لگیں وہ تمام چھ افراد ٹرین کے باہر پلیٹ فارم پر تھے۔ فائرنگ کے اس واقعے میں ایک 34 سالہ شخص کی موت ہو گئی جب کہ پانچ دیگر افراد کو ہسپتال لے جایا گیا، جہا ں ان کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔
متاثرین کی عمریں 14 سے 71 سال کے درمیان تھیں اور ان میں چار مرد اور دو خواتین شامل تھیں۔
نیویارک سٹی پولیس محکمہ کے ڈپٹی کمشنر برائے اطلاعات عامہ طارق شیپہرڈ نے کہا، "ہم حملہ آور سے کہنا چاہتے ہیں کہ آپ نیویارک سٹی پولیس محکمہ کو اس وقت انتہائی مطلوب ہیں اور دنیا کے سب سے بڑے جاسوس آپ کی تلاش میں ہیں۔"
امریکا: گن کنٹرول کے سخت اقدامات
انہوں نے مزید کہا، "ہم آپ کو مشورہ دیتے ہیں کہ خود کو ہمارے حوالے کر دیں۔"
پولیس اور ٹرانزٹ سسٹم کے حکام نے مسافروں کے خوف کو کم کرنے کے لیے کہا کہ سب وے میں فائرنگ کا یہ واقعہ تشدد کا ایک غیر معمولی عمل تھا۔
ماضی میں بھی ایسے حملے ہوتے رہے ہیں
اعدادوشمار کے مطابق نیویارک سب وے سسٹم پر کام کے دنوں میں اوسطاً 3.8 ملین افرا دسفر کرتے ہیں۔ میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی نے سن 2023 میں 570 سنگین حملوں کی اطلاع دی۔
فائرنگ کے اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آتے رہے ہیں۔ سن 2022 میں بروکلین سے گزرنے والی ٹرین میں ایک شخص نے ہینڈ گن سے دس افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ یہ سن 1984کے بعد سب وے سسٹم پر ہونے والی پہلی اجتماعی فائرنگ تھی۔
چند ہفتوں بعد، مئی 2022 میں ایک شخص نے ڈینیئل اینریکز نامی ایک 48سالہ شخص کو گولی مار کرہلاک کردیا تھا۔ پولیس نے اسے بلا اشتعال حملے کی کارروائی قرار دیا تھا۔
امریکہ: اسکول گریجویشن تقریب میں فائرنگ، دو افراد ہلاک
سب وے میں مسافروں کے لیے خطرات کی شرح میں کووڈ وبا کے ابتدائی دنوں میں اضافہ ہوگیا تھا تاہم سن 2021 میں اس کی شرح معمول پر آگئی۔ جرائم کی شرح میں گراوٹ کے باوجود مسافروں میں خطرات کے حوالے سے اب بھی کافی فکر مندی پائی جاتی ہے۔
میئر ایرک ایڈمز، جو شہر کے سابق پولیس کپتان بھی ہیں، نے مسافروں کو تحفظ کی یقین دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ سب اسٹیشنوں میں پولیس افسران کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
ج ا/ ص ز (روئٹرز، نیوز ایجنسیاں)