نیویارک فلمی میلے میں ’دو دُونی چار‘
6 مئی 2011رواں ہفتے بدھ کو جب اِس میلے کا آغاز ہوا تو مین ہیٹن کے ممتاز ’پیرس تھیٹر‘ میں رشی کپور اور اُن کی اہلیہ نیتو سنگھ کے ساتھ ساتھ فلم ’دو دُونی چار‘ کے مصنف اور ہدایتکار حبیب فیصل بھی موجود تھے۔ اِس موقع پر بھارتی فلمی صنعت کی اِس مشہور جوڑی نے فلم کی نمائش کے بعد ہونے والی بحث میں بھی شرکت کی اور ہدایتکار حبیب فیصل کے ہمراہ شائقین کو تیس برسوں کے بعد سلور اسکرین پر اپنی واپسی کے بارے میں اپنے احساسات سے بھی آگاہ کیا۔
اس چار روزہ میلے میں بھارت سے گئی ہوئی اور بھارت سے متعلق مجموعی طور پر تقریباً چالیس فیچر فلمیں اور دستاویزی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔ اِس فلم میں مرکزی اہمیت کی حامل فلم اپرنا سین کی’تمہاری مرینالینی‘ ہے، جسے انگریزی زبان میں An unfinished Letter کا عنوان دیا گیا ہے۔ 125 منٹ دورانیے کی یہ فلم ایک ایسی اداکارہ کے بارے میں ہے، جسے اپنی ڈھلتی عمر پر تشویش ہے اور جو فلمی دُنیا اور شائقین کی جانب سے مسترد کیے جانے کے خوف سے اپنے عروج کے زمانے میں ہی خود کُشی کرنے کا فیصلہ کرتی ہے۔
اِس میلے میں ’میڈ اِن انڈیا‘ بھی دکھائی جا رہی ہے، جو اولاد سے محروم ایک ایسے امریکی جوڑے کے بارے میں ہے، جو اولاد حاصل کرنے کے لیے بھارت میں ایک ایسی نوجوان ماں تلاش کرتے ہیں، جو اپنے پیٹ میں اُن کا بچہ پالے گی۔ اِسی طرح ایک فلم ’بھوپال‘ ہے، جس میں 1984ء کے اُس واقعے کے متاثرین کے مصائب پیش کیے گئے ہیں، جس میں یونین کاربائیڈ کے کارخانے سے خارج ہونے والی زہریلی گیس نے ہزاروں زندگیوں کے چراغ گُل کر دیے تھے۔
اِس فلمی میلے میں چنائے کے فلمساز مرینالینی ڈی ایس کی ہدایات میں بنی ہوئی فلم Notes of Silence بھی دکھائی جا رہی ہے۔ اس فلم میں ایک ایسی اٹھارہ سالہ گونگی بہری لڑکی کی داستان پیش کی گئی ہے، جس کے لیے گٹار بجانا ایک خواب کی حثیت رکھتا ہے۔
یہاں عامر خان کی اداکاری سے سجی فلم ’راکھ ر یڈکس‘ بھی دکھائی جا رہی ہے، جو اِس نامور اداکار کی ایک ابتدائی ہِٹ فلم کا نیا ڈیجیٹل ورژن ہے اور جسے تین قومی فلم ایوارڈ حاصل ہوئے تھے۔
رابندر ناتھ ٹیگور کے 150 ویں یومِ پیدائش کے حوالے سے آئندہ اتوار کو نیویارک کے اس فلمی میلے کا اختتام ٹیگور ہی کے ناول پر مبنی ایک فلم Noukadubi کی نمائش سے ہو گا، جس کی ہدایات ریتو پرنو گھوش نے دی ہیں۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: کشور مصطفیٰ