1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیٹو طیارے کی روسی وزیر دفاع کے جہاز کے قریب پہنچنے کی کوشش

William Yang/ بینش جاوید AFP
21 جون 2017

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے ایک جنگی طیارے نے آج بحیرہ بالٹک کے اوپر روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو کے جہاز کے قریب پہنچنے کی کوشش کی۔ گزشتہ تین دنوں کے دوران یہ اس طرح کا تیسرا ایسا واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/2f8OZ
Russland Kampfjet Sukhoi Su-27
تصویر: Imago/Itar-Tass

روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق نیٹو کے ایک جیٹ لڑاکا طیارے نے شوئیگو کے جہاز کے قریب آنے کی کوشش کی جس پر ان کے جہاز کی حفاظت پر معمور روسی لڑاکا طیارے کو مداخلت کرنا پڑی۔

انٹرفیکس نے شوئیگو کے طیارے پر موجود صحافیوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ حفاظت پر معمور سخوئی SU-27 نے مداخلت کرتے ہوئے نیٹو لڑاکا طیارے کو باور کرایا کہ وہ مسلح ہے جس کے بعد وہ جہاز دور ہٹ گیا۔ روسی سرکاری ٹیلی وژن نے اس واقعے کے بارے ملکی وزارت دفاع کی فوٹیج نشر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقع بین الاقوامی پانیوں کے اوپر پیش آیا۔

نیٹو کے ترجمان کی طرف سے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بھیجے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ’’بحیرہ بالٹک پر روسی ملٹری جہازوں کی غیر معمولی زیادہ تعداد میں اضافے کے بعد‘‘  نیٹو اور بین الاقوامی فورسز نے فیصلہ کیا ہے کہ اس علاقے سے گزرنے والی پروازوں پر نظر رکھی جائے۔

نیٹو کی طرف سے اصرار کیا گیا ہے کہ جہاز کے عملے کا رد عمل معمول کے مطابق تھا جس میں ’’تمام وقت ایک محفوظ فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے‘‘ جہاز کی شناخت کی جاتی ہے اور اس کے بعد راستہ بدل لیا جاتا ہے۔

Eröffnung Militär Park Armee Russland Moskau  Sergei Shoigu
روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو کالینن گراڈ جا رہے تھے، جو بحیرہ بالٹک میں واقعہ روسی عسکری علاقہ ہےتصویر: picture alliance/dpa/R.Sitdikov

روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو کالینن گراڈ جا رہے تھے، جو بحیرہ بالٹک میں واقعہ روسی عسکری علاقہ ہے۔ شوئیگو نے وہاں دفاعی حکام کے ساتھ ایک میٹنگ میں شریک ہونا تھا۔ روسی وزارت دفاع کی ویب سائٹ کے مطابق اس میٹنگ میں شوئیگو نے متنبہ کیا کہ ’’روس کی مغربی سرحدوں کے قریب صورتحال انتہائی خرابی کی طرف جا رہی ہے۔ شوئیگو کے مطابق، ’’اس کا تعلق نیٹو ممالک کی مشرقی یورپ میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں سے ہے۔‘‘

آج بدھ کے روز سویڈن نے روسی سفارت کار کو طلب کر کے اس بات پر احتجاج کیا کہ ایک روسی سخوئی لڑاکا طیارے نے سویڈن کے  نگرانی کرنے والے ایک جہاز کے قریب پہنچنے کی کوشش کی تھی۔ سویڈن آرمی کے ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز  بحیرہ بالٹک کے اوپر بین الاقوامی فضا میں پیش آیا۔

پیر ہی کے روز ایک اور واقعے میں روس کے ایک طیارے نے ایک امریکی جہاز کا غیر محفوظ انداز میں راستہ روکا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق نگرانی کرنے والے امریکی جہاز  اشتعال انگیز انداز میں روسی جہاز کی طرف مُڑا تھا جس پر اس کے لڑاکا طیارے نے ردعمل کا مظاہرہ کیا۔