نیپال اوربھارت میں سیلاب، کئی لاکھ افراد متاثر
27 جولائی 2016بھارت کے محکمہء موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں تیز بارش ہونے کے امکانات ہیں۔ اس ریاست میں چار برس قبل سیلابی ریلوں نے 124 افراد کی جان لے لی تھی اور 6 ملین افراد کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا تھا۔
بھارت کے ہمسایہ ملک نیپال میں گزشتہ دو روز کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث 58 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور کئی گاؤں پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہر سال جون سے ستمبر میں بھارت اور نیپال میں برسات کے موسم میں تیز بارش کے باعث سیلاب آنا عام ہے جس میں سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
آسام کے وزیر برائے وسائل پانی نے روئٹرز کو بتایا،’’ منگل سے حالات مزید خراب ہو گئے ہیں اور اب تک دس لاکھ افراد ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔‘‘ بھارت کے بھرمپترا دریا میں پانی کے تیز بہاؤ نے اس علاقے کے 32 اضلاع کو متاثر کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ چند دنوں میں آسام میں 12 افراد پانی میں ڈوبنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
سیلاب نے آسام کے نیشنل پارک کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، سیلابی پانی کے باعث کئی جانور سٹرکوں پر آگئے تھے۔ پارک میں قائم جنگلات کے محکمہ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے،’’ 80 فیصد پارک سیلابی پانی کے نیچے ڈوب گیا ہے۔‘‘ سیلاب کے باعث 20 ہرن پانی کے ریلے کے ساتھ بہہ گئے یا ڈوب کر ہلاک ہوگئے ہیں۔