وائلڈ لائف فوٹوگرافر 2020ء کا اعزاز روسی فوٹوگرافر کے نام
لندن نیچرل ہسٹری میوزیم ہر سال ایسے فوٹوگرافرز کو بہترین وائلڈ لائف فوٹوگرافر کے اعزاز سے نوازتا ہے جنہوں نے اپنے کیمرے کی آنکھ سے فطرت کے حیرت انگیز شاہکاروں کو بہترین انداز میں عکس بند کیا ہو۔
سب سے بڑا اعزاز جیتا ہے۔۔۔
روس سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر سیرگیی گورشکوف نے۔ بہترین فوٹوگرافر کا اعزاز حاصل کرنے والی یہ تصویر مشرقی روس کی ہے، جس میں نایاب نسل کی ایک شیرنی درخت کے تنے سے انتہائی گرم جوشی سے بغل گیر ہورہی تھی۔ گورشکوف کو یہ تصویر کھینچنے کے لیے گیارہ ماہ تک انتظار کرنا پڑا۔
ایک پُرسکون لمحہ
بندر کی ایک اچھی تصویر کسے پسند نہیں آتی؟ سورج کی روشنی سے لطف اندوز ہوتے اس پروبوسکِس بندر کی تصویر نے جیوری کا دل جیت لیا۔ یہ تصویر وائلڈ لائف فوٹوگرافر موگن ٹروگس نے بنائی ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا کے جزائر پر پائے جانے والے بورنیو پروبوسکِس بندروں کو ناپید ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
ایک مشکل انتخاب
اس مقابلے کی 56 سالہ تاریخ میں جیوری نے پہلی مرتبہ مقابلہ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان آن لائن کیا۔ دنیا بھر سے پیشہ ور اور نوجوان فوٹوگرافرز کی کل 49000 تصاویر جمع کی گئی تھیں۔ انڈر واٹر فوٹوگرافی کے شعبے کا انعام سونگڈا کائی کو، سنہری رنگ کی اس ننھی سی مچھلی کی تصویر کے لیے دیا گیا۔
انتہائی اہم مقابلہ
اس عالمی مقابلے کا مقصد دنیا کو نایاب جانوروں کی انوکھی اقسام دکھانا ہے، جیسے کہ ایکواڈور کے ایک مخصوص خطے میں پایا جانے والا یہ مینڈریاکو مینڈک۔ یہ نسل بھی ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ فوٹوگرافر جیم کلیبراس کی اس تصویر میں ٹہنی پر بیٹھے اس مینڈک نے ایک کیڑے کو دبوچ رکھا ہے۔
فطرت پر نمائش
اٹلی میں کوہ ایٹنا کے ایک متحرک آتش فشاں کی اس تصویر کا زمین کے ماحول کی کیٹیگری میں بہترین تصویر کا انتخاب کیا گیا۔ فوٹوگرافر لوسیانو گوادینزیو کی اس تصویر سمیت دیگر انعام یافتہ تصاویر کو لندن نیچرل ہسٹری میوزیم میں 16 اکتوبر سے 6 جون 2021ء تک نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
انسانوں کا عمل دخل
انڈونیشیا کے صوبے بالی میں ایک پنجرے کے ساتھ بندھے اس نوعمر مکاک بندر کو جنگل سے پکڑ کر پالتو جانور کے طور پر استعمال کرنے کے لیے فروخت کیا جائے گا۔ فوٹوگرافر پال ہلٹن کو جنگلی جانوروں کی خرید و فروخت کے کاروبار پر رپورٹ کے لیے بہترین وائلڈ لائف فوٹوجرنلسٹ اسٹوری کے اعزاز سے نوازا گیا۔
باصلاحیت نوجوان فوٹوگرافر کا اعزاز
فِن لینڈ سے تعلق رکھنے والی لینا ہائکینن کو اس سال بہترین نوجوان فوٹوگرافر کے ٹائٹل کا فاتح قرار دیا گیا۔ اس فوٹو میں ایک لومڑی اپنے شکار ہنس کو دیگر ساتھیوں سے چھپ کر کھا رہی ہے۔
مقابلے کا سب سے کم عمر فاتح
جیوری کو نوعمر فوٹوگرافرز میں سے انڈونیشیا کے سیم سلوس کا مستقبل بہتر روشن نظر آیا۔ سلوس کی جانب سے کلاؤن فش کی بنائی گئی اس منفرد تصویر کو 11 سے 14 برس کے فوٹوگرافرز کی کیٹیگری میں فاتح قرار دیا گیا۔
اڑتے پڑوسی
فرینک دیشاندو نے اس تصویر میں دو مختلف اقسام کی بھڑوں کو اپنے اپنے چھتوں میں داخل ہوتے ہوئے عکس بند کیا۔ یہ بھڑیں ایک دوسرے کے پڑوسی ہونے کے باوجود عام طور پر آپس میں رابطہ نہیں کرتیں۔ دیشاندو نے یہ انوکھی تصویر فرانسیسی شہر نورمانڈی میں اپنے کیمرے کے سپر فاسٹ شٹّر سسٹم کے تحت بنائی۔
کیمرے کی آنکھ نے پکڑ لیا
پلاس بلیاں، جنہیں مینل بھی کہا جاتا ہے، کی اس فیملی کی تصویر شمالی مغربی چین کے چنگھائی۔ تبت سطح مرتفع پر لی گئی ہے۔ فوٹوگرافر شین یوآن کی اس تصویر میں جنگلی نسل کی اس بلی کے بچے 3800 میٹر کی بلندی پر خوراک کی تلاش میں گھومتے پھر رہے ہیں۔