1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وبا کے سائے تلے یوم پاکستان

عاصم سلیم
23 مارچ 2021

آج تیئس مارچ کو ملک بھر میں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ یوم پاکستان منایا جا رہا ہے۔ سول اور فوجی قیادت نے مختلف تقاریب میں قوم کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔

https://p.dw.com/p/3qzct
Pakistan Nationalfeiertag 2019 in Islamabad
تصویر: Reuters/A. Soomro

پاکستان ڈے ملکی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ تیئس مارچ سن 1940 کو قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر ایک الگ وطن کے حصول کے لیے باقاعدہ تحریک شروع کی گئی تھی۔ اس دن پورے پاکستان میں عام تعطیل ہوتی ہے۔

کورونا وبا کے سائے تلے تقریبات

دریں اثنا پاکستان میں کورونا وبا کی تیسری لہر کے تناظر میں محدود سطح پر تقریبات کا انعقاد جاری ہے۔ تمام بڑے شہروں میں سرکاری عمارات پر قومی پرچم   لہرایا گیا۔ اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے اور آگاہی پھیلانے کے لیے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی وژن پر خصوصی پروگرام نشر کیے جا رہے ہیں۔

اس روز ایوان صدر میں صدر عارف علوی کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو تمغے دیے جاتے ہیں۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم عمران خان نے یومِ پاکستان پر خصوصی پیغامات بھی جاری کیے۔

صدر علوی نے ملک کو اقتصادی طور پر مضبوط بنانے، قانون کی حکمرانی اور اسلامی طرز ِزندگی برقرار رکھنے کا عہد کیا۔ انہوں نے کشمیر کے تنازعے کا بھی ذکر کیا۔ صدر عارف علوی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

کورونا میں مبتلا وزیر اعظم عمران خان نے بھی اپنے خصوصی پیغام میں قانون کی بالادستی، مساوات اور ہمدردی، ترقی اور خوشحالی پر زور دیا۔

ملک کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے، آئی ایس پی آر

یوم پاکستان کو منانے کے لیے ہر سال تیئس مارچ کو خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں مسلح افواج پریڈ بھی کرتے ہیں۔ تاہم فوج نے آئندہ دو دنوں کے دوران شدید موسم اور بارش کی پیشنگوئی کی وجہ سے پریڈ کو ملتوی کر دیا ہے۔ اب یہ پریڈ پچیس مارچ کو ہو گی۔ گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس تقریب کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا تھا۔

اس موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک خصوصی ملی نغمہ بھی جاری کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے اپنی ٹویٹ میں بالخصوص خواتین کے کردار کو سراہا۔