ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل مرحلے کا آغاز
13 مئی 2010ویسٹ انڈیز میں جاری ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا کی ٹیم کا سامنا ہے۔ سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ اور آسٹریلیا وہ دو ٹیمییں ہیں، جنہوں نے اپنے تینوں میچ جیتے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم ان دنوں بولنگ اور بیٹنگ میں خاصی متوازن دکھائی دیتی ہے۔ کولنگ ووڈ کی ٹیم میں جارحانہ اور کمپوز بلے بازوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان میں خاص طور پر مورگن کا نام لیا جا سکتا ہے۔ بولنگ بھی بڑی نپی تلی دکھائی دیتی ہے۔ بعص مبصرین نے تو فائنل میچ روایتی حریفوں انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ہونے کی اندازے لگائے ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم بھی غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں مشہور ہے۔ خاص طور پر جس انداز میں اُس نے بھارتی ٹیم کو شکست دی، وہ یقینی طور پر انگلش ٹیم کے لئے فکر کی بات ہو سکتی ہے۔ آؤٹ آف فارم بلے باز اور سری لنکا کی ٹیم کے کپتان کمار سنگا کارا اب واپس فارم میں لوٹ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جے وردھن نے ٹورنامنٹ میں بڑی اننگز کھیل کر اپنی دھاک بٹھا رکھی ہے۔ گزشتہ دو میچوں میں ناکامی کے بعد وہ سیمی فائنل مرحلے پر کچھ بڑا کارنامہ کرنے کی امید رکھتے ہیں۔ وہ اس وقت جاری ورلڈ کپ میں 292 رنز بنا چکے ہیں، جو سب سے زیادہ ہیں۔ سری لنکا کے کپتان سنگا کارا کو تجربہ کار بلے باز سنتھ جے سوریا کی کمزور کارکردگی پر خاصی تشویش ہے، لیکن جے سوریا جیسے کھلاڑی کا نعم البدل بھی ممکن نہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم کو بھارت کے خلاف انگیلو میتھیوز اور کپو گدیرا کی زوردار پرفارمنس سے پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔ سری لنکا کے بلے باز تیز بولروں اور سپنرز کو انتہائی اعتماد سے کھیلتے ہیں۔ بھارت کے ہربھجن سنگا موجودہ ورلڈ کپ میں انتہائی معیاری بولنگ کروا رہے ہیں لیکن سری لنکا کے بیٹسمینوں نے ان کو بہت جارحانہ انداز میں کھیلا۔ اسی طرح انگلش بلے بازوں میں کپتان کولنگ ووڈ کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین کیز ویٹر، اوئن مورگن اور پیٹر سن انتہائی اہم ہیں۔ مورگن تو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار پرفارمنس مسلسل دے رہے ہیں۔ پہلا سیمی فائنل یقنی طور پر کانٹے دار ہونے کا امکان ہے۔ دونوں ٹیمیں کاغذ پر مساوی دکھائی دیتی ہیں لیکن بعض مبصرین نے اس میچ کی فیورٹ ٹیم انگلینڈ قرار دی ہے۔ یہ حتمی نہیں اور کچھ دوسرے تجزیہ کار خیال کرتے ہیں کہ سری لنکا انگلش ٹیم کے لئے آسان حریف نہیں ثابت ہو گا۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعہ کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کا فقدان پایا جاتا ہے، جس کا بظاہر فائدہ آسٹریلیوی ٹیم کو جاتا ہے۔ گزشتہ ر وز پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ایک نیوز کانفرنس میں سیمی فائنل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا یقین دلایا ہے۔ اعداد و شمار کی روشنی میں دوسرے سیمی فائنل کی فیورٹ ٹیم آسٹریلیا ہے۔ اس ورلڈ کپ کا فائنل میچ سولہ مئی اتوار کو کھیلا جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل