ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ : جرمن ٹیم کی فتح
29 مارچ 2009ورلڈ کپ سن دو ہزار دس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میچوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اِسی باعث جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ کے اِس ویک اینڈ پر میچ شیڈیول نہیں کئے گئے تھے۔ جرمنی کی ٹیم ورلڈ کپ برائے دو ہزار دس کے لئے گروپ چار میں رکھی گئی ہے۔ وہ اِس وقت تیرہ پوائنٹ کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔
گزشتہ روز جرمن قومی فٹ بال ٹیم کا میچ یورپی ملک لیشن سٹائن کے ساتھ جرمن شہر لائپ زیگ میں کھیلا گیا۔ اِس میچ میں جرمن ٹیم نے بڑے واضح فرق سے اپنی مخالف ٹیم لیشٹن سٹائن کو شکست دی۔ جرمن ٹیم نے چار گول سے کامیابی حاصل کی۔ جواباً لیشٹن سٹائن کی ٹیم کوئی بھی گول نہیں کر سکی۔ جرمن ٹیم کی طرف سے پہلا گول کپتان مشائیل بالاک نے میچ کے چوتھے منٹ میں کیا۔ بقیہ گول کرنے والوں میں باستیان شوائنسٹائیگر( Bastian Schweinsteiger )، لوکاس پوڈولسکی ( Lukas Podolski ) اور مارسل جینسن ( Marcell Jansen ) شامل ہے۔
یہ امر دلچسپ ہے کہ چرمن ٹیم نے تمام چار گول میچ کے پہلے پچاس منٹوں میں کئے تھے۔ اور بقیہ چالیس منٹ وہ گول نکالنے میں ناکام رہی۔ اِس کا اعتراف جرمن کھلاڑی باستیان شوائن سٹائیگر نے بعد از میچ کیا۔
اِس میچ کا پہلا گول اعداد و شمار کے مطابق جرمنی کے لئے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچوں میں دو سواں گول تھا اور مشائیل بالاک کا جرمنی کے لئے چالیسواں گول تھا۔
جرمن ٹیم کے کوچ ژوآخِم لوایو ( Joachim Loew ) کو دوران میچ خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ مسلسل ٹیم میں تبدیلیاں لاتے رہے۔ اُن کو انتخاب میں بھی خاصی محنت کرنا پڑی تھی۔ میرو سلاو کلوزے کے علاوہ، فرنگز، فریڈرش بھی زخمیوں کی فہرست میں ہیں۔ اِس ٹیم میں کئی کھلاڑی سابقہ ٹیم کی جگہ شامل کئے گئے تھے۔ اِن میں ہوفن ہائیم ٹیم کے دفاعی کھلاڑی اندریاس بیک ( Andreas Beck ) کا جرمن ٹیم کے لئے پہلا میچ تھا جب کہ ہے نوور ٹیم کے رابرٹ اینکے ( Robert Enke ) ہاتھ کے فرییکچر کے بعد ٹیم میں لوٹے ہیں۔
جرمن ٹیم نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ چار میں اب تک پانچ میچ کھیلے ہیں۔ اُس کے پوائنٹ کی تعداد تیرہ ہے۔ جب کے دوسری پوزیشن پر روس کی ٹیم ہے جس نے چار میچوں میں نو پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں۔ گروپ چار میں کامیابی پر جرمنی ٹیم جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کر لی گی۔ یہ اعزاز صرف گروپ لیڈر کے لئے مختص ہے۔