ورلڈ کپ کے لیے جرمن قومی فٹ بال ٹیم کا اعلان
4 جون 2018جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے پیر کے دن تیئس رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گول کیپر اور کپتان مانوئل نوئر مکمل طور پر فٹ ہیں اور وہ ٹیم کے نمبر ون گول کیپر کی حیثیت سے روس جائیں گے۔
ایسے خدشات تھے کہ نوئر شايد بروقت فٹ نہ ہوں اور انہیں ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ نہ بنایا جائے۔ تاہم ان کی قومی ٹیم میں شمولیت ٹیم کے مورال کے لیے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔
ناقدین کے مطابق بنڈس لیگا میں بائرن میونخ کی نمائندگی کرنے والے نوئر فٹ بال کی تاریخ کے بہترین گول کیپرز میں سے ایک ہیں اور ان کی موجودگی سے ٹیم میں ایک نئی جان پیدا ہو جاتی ہے۔ انجری کے بعد ایک سرجری کے نتیجے میں نوئر گزشتہ تقریباً نو ماہ سے فٹ بال کھیلنے سے قاصر تھے۔ طویل وقفے کے بعد نوئر نے اپنا پہلا میچ ہفتے کے دن آسٹریا کے خلاف کھیلا۔ روسی شہر کالینن گراڈ میں کھیلے گئے اس دوستانہ میچ میں جرمنی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست ہو گئی تھی۔
عالمی کپ سن دو ہزار اٹھارہ وسط جون سے شروع ہو گا۔ جرمنی کا پہلا میچ سترہ جون کو میکسیکو کے خلاف ہو گا۔ جرمنی کے تیئس رکنی اسکواڈ میں حیرت انگیز طور پر لیورے سانے کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی سانے نے اس مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ڈراپ کیے جانے والے دیگر کھلاڑیوں میں جوناتھن تھا، نیلز پیٹرسن اور بیرنڈ لینو شامل ہیں۔
لوو نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اطالوی علاقے ایپن میں ٹریننگ کے لیے جانے والے ستائیس کھلاڑیوں میں سے جن چار کو ڈراپ کیا گیا، وہ بہت مایوس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا ایونٹ ہے اور ہر کھلاڑی اس میں شرکت کے لیے بے قرار تھا۔ لوو کے مطابق تاہم انہوں نے تيئس بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا تھا۔
روس میں ہونے والے اس عالمی کپ میں جانے والی جرمن قومی فٹ بال ٹیم میں تیرہ کھلاڑی ایسے ہیں، جنہیں ابھی تک ورلڈ کپ کا کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔ ان میں جرمن اسٹار مارکو روئیس بھی شامل ہیں، جو انجری کے باعث سن دو ہزار چودہ کے عالمی کپ مقابلوں میں شرکت سے محروم ہو گئے تھے۔
ورلڈ کپ 2018 کے لیے تیئس رکنی جرمن اسکواڈ
گول کیپرز
مانوئل نوئر
مارک آندرے ٹیئر شٹیگن
کیون ٹراپ
دفاعی کھلاڑی
یوزوا کیمش
میٹس ہیوملز
جیروم بوآئٹنگ
نکلاس زولا
آنٹینیو روڈیگر
یوناس ہیکٹوور
مارون پلاٹن ہارٹ
ماتھیاس گِنٹر
مڈ فیلڈر
ٹونی کروس
سمیع خدیرا
الکائے گونڈوآن
سباستیان روڈی
ژولیان ڈراکسلر
تھوماس ملر
محسوت اوزل
مارکو روئیس
ژولیان برانٹ
لیون گورٹزکا
اسٹرائیکر
ٹیمو ویرنر
ماریو گومز
ع ب / ع س / میٹ فورڈ