1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مودی کو تحفے میں ملے گولڈن ٹمپل ماڈل کی نیلامی پر سکھ ناراض

جاوید اختر، نئی دہلی
26 اکتوبر 2023

وزیر اعظم نریندر مودی کو ملنے والے تحائف کی پانچویں نیلامی اس ماہ کے اوائل میں شروع ہوئی تھی۔ سکھوں کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹمپل کے ماڈل کو نیلامی کے لیے رکھے جانے پر سکھ برادری سخت ناراض ہے۔

https://p.dw.com/p/4Y2fq
اکالی دل کے سینیئر رہنما سکھ بیر بادل نے گولڈن ٹمپل کے ماڈل کو نیلامی میں رکھے جانے پر سخت اعتراض کیا ہے
اکالی دل کے سینیئر رہنما سکھ بیر بادل نے گولڈن ٹمپل کے ماڈل کو نیلامی میں رکھے جانے پر سخت اعتراض کیا ہےتصویر: Narinder Nanu/AFP/Getty Images

وزیر اعظم نریندر مودی کو مختلف ممالک اور درون ملک ملنے والے تحائف کی پانچویں نیلامی نئی دہلی کے نیشنل گیلری آف ماڈرن آرٹس میں جاری ہے۔ اس کے تحت گجرات کے سورج مندر، چتوڑ گڑھ کا وجئے استمبھ کے ماڈلز اور وارانسی کے گھاٹ کی پینٹنگ کے علاوہ امرت سر کے گولڈن ٹمپل کے ماڈل سمیت تقریباً 900 اشیاء نیلامی کے لیے رکھی گئی ہیں۔

سکھوں کی تنظیم اکالی دل کے سینیئر رہنما سکھ بیر بادل نے گولڈن ٹمپل کے ماڈل کو نیلامی میں رکھے جانے پر سخت اعتراض کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ "یہ ایک تحفہ ہے جو کہ اکھال پورکھ اور گروصاحبان کی دعاوں کی ایک مقدس علامت ہے اور اسے نیلامی کے لیے رکھنا انتہائی بے حرمتی ہو گی۔"

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مزید کہا،"اس سے پوری سکھ برادری کے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے۔"

بھارت: سکھوں کی مقدس عبادت گاہ میں مبینہ ’توہین آمیز عمل‘، ایک نوجوان قتل

سکھ رہنما نے مزید کہا کہ انہیں یہ جان کر انتہائی مایوسی ہوئی ہے کہ وزیر اعظم مودی کو شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کی جانب سے پیش کردہ "سچ کھنڈ شری ہرمندر صاحب کے مقدس ماڈل کو بھی نیلامی کی اشیاء میں شامل کیا گیا ہے۔"

وزیر اعظم نریندر مودی کو مختلف ممالک اور درون ملک ملنے والے تحائف کی نیلامی جاری ہے
وزیر اعظم نریندر مودی کو مختلف ممالک اور درون ملک ملنے والے تحائف کی نیلامی جاری ہےتصویر: picture-alliance/dpa/C. Blumberg

'حکومت اس مقدس تحفے کو واپس کردے'

سابق مرکزی وزیر سکھ رہنما سکھ بیر سنگھ بادل نے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،" یہ ماڈل اکال پورکھ اور گرو صاحبان کے تحفے اور برکتوں کی مقدس علامت کے طورپر پیش کیا گیا تھا۔...میری وزیر اعظم سے عاجزانہ درخواست ہے کہ وہ اس نیلامی کو فوراً روک دیں۔ اگر حکومت اس مقدس اور انمول تحفے کو سنبھالنے میں ناکام محسوس کرتی ہے تو میں درخواست کرتا ہوں کہ اس مقدس نشان کو شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی کو واپس سونپ دیا جائے۔"

 شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی سکھوں کی سب سے بڑی مذہبی تنظیم ہے۔

بھارت میں گولڈن ٹیمپل کے پاس تیس گھنٹوں میں دو دھماکے

قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے انہیں موصول ہونے والے تحائف کی نمائش کا اعلان کرتے ہوئے ایکس پر لکھا تھاکہ "نمائش میں رکھی گئی اشیا ء بھارت کی بھرپور ثقافت، روایت اور فنکارانہ ورثے کا ثبوت ہیں۔"

وزیر اعظم مودی کو موصول ہونے والے تحائف کی ای نیلامی 2اکتوبر کو شروع ہوئی تھی اور 31اکتوبر تک جاری رہے گی۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن حکومت کے 'نمامی گنگے' پروجیکٹ میں استعمال کی جائے گی، جس کا مقصد دریائے گنگا کو صاف کرنا ہے۔