وزیراعظم نواز شریف سوات میں، یوتھ روزگار اسکیم کا افتتاح
15 جنوری 2014یوتھ روزگار اسکیم کی افتتاحی تقریب ودودیہ ہال سیدو شریف میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر تقریب سے اپنے خطاب میں سوات کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انہیں سوات آکر بہت خوشی محسوس ہوئی کیونکہ یہاں کے عوام نے امن کی خاطر بہت سی قربانیاں دی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا ’’سوات کے بچوں نے قربانیاں دی ہیں یہاں کی پولیس اور سیکورٹی اداروں نے قربانیاں دی ہیں،امن کی خاطرعوام نے بڑی مشکلیں برداشت کی ہیں اور گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں اور مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، اس پر پوری قوم کی جانب سے سوات کے عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں‘‘۔
سوات آمد پر ڈیو ہیڈ کوارٹر سرکٹ ہاؤس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور گورنر خیبر پختون خواہ انجینئر شوکت اللہ خان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ سرکٹ ہاؤس میں وزیر اعظم کو سوات میں امن و امان کے حوالے بریفنگ دی گئی۔
یوتھ روزگار اسکیم کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو اس اسکیم تحت بیس لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ ’’ اس اسکیم میں تمام صوبوں کو برابر حصہ ملے گا، ہر صوبے میں آبادی کے لحاظ سے فارم جمع کیے جائیں گے اور سیاسی مداخلت سے پاک اور میرٹ پر کی بنیاد پر قرضہ دیا جائے گا‘‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قرضہ کی سب سے زیادہ ضرورت خیبر پختون خواہ اور فاٹا کے عوام کو ہے اس لیے یہاں کے لوگوں کو اسکیم سے بھر پور فائدہ اُٹھانے کے لیے آگے آنا چاہیے‘‘
وزیر اعظم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کاروباری لحاط سے پاکستان اپنے ہمسائیوں سے بھی پیچھے ہے۔’’ قرضہ اسکیم کے تحت لوگ اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے سکیں گے جس سے قومی خزانے کوبھی فائدہ ہو گا، لوگوں کو روزگار مہیا ہو گا اورملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا جبکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرضہ اسکیم کے طریقہ کار کو آسان اور بہتر بنایا جائے گا اور اس میں مڈل کلاس طبقے کو آگے لایا جائے گا‘‘۔
تقریب میں سوات کے نوجوانوں، خواتین اور علاقہ عمائدین بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے حصول قرض کے لیے فارم جمع کرانے والے افراد سے بات چیت بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے پہلے دورہ سوات کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتطامات کیے گئے تھے جبکہ اس دوران مینگورہ سیدو شریف مرکزی شاہراہ کو ہر قسم ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔