1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ومبلڈن میں اپ سیٹ: عالمی نمبر تین باہر

24 جون 2011

ٹینس کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ ومبلڈن میں جرمنی کی سبینے لیزیکی نے چین سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر تین لی نا کو حیران کن انداز میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11ikG
سبینے لیزیکیتصویر: picture-alliance / dpa

انگلینڈ کے شہر لندن میں جاری ٹینس کا معتبر ٹورنامنٹ اب پری کوارٹر فائنل سٹیج کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں نوجوان جرمن کھلاڑی Sabine Lisicki نے اپنا میچ جیت کر ماہرین اور شائقین کو حیران کردیا ہے۔ لیزیکی نے عالمی نمبر تین لی نا کو حیران کن انداز میں شکست دی۔ دونوں کے درمیان زور دار مقابلہ ہوا۔ جرمن کھلاڑی نے پہلا سیٹ جیت لیا تھا لیکن اسے دوسرے سیٹ میں شکست کا سامنا رہا۔ میچ کا تیسرا سیٹ خاصا جاندار رہا اور ٹائی بریک پر ختم ہوا۔

Sabine Lisicki Flash-Galerie
سبینے لیزیکی فرنچ اوپن میںتصویر: picture-alliance/ dpa

جرمن کھلاڑی Sabine Lisicki کو ومبلڈن کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی تھی۔ وائلڈ کارڈ انٹری سے مراد کسی کھلاڑی کو کوالیفائنگ مرحلے میں شرکت کے بغیر کسی ٹورنامنٹ یا میچ میں کھیلنے کی اجازت ہوتی ہے۔ گزشتہ ایک سال سے عالمی نمبر 62 سبینے لیزیکی مختلف انجریز کا شکار رہی تھیں۔ ٹخنے کی چوٹ کے بعد انہیں اپینڈیکس کی تکلیف کا بھی سامنا رہا۔ ومبلڈن میں اکیس سالہ جرمن کھلاڑی نے اب تک کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے ابتدائی راؤنڈز میں چین کی لی نا کو شکست دے کر سب سے بڑا اپ سیٹ کیا ہے۔

سبینے لیزیکی نے گزشتہ ہفتہ کے دوران ایجبیسٹن اوپن میں بھی شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں لیزیکی نے روس کی ڈانیئلا ہنچکووا کو ہرایا تھا۔

Sabine Lisicki Flash-Galerie
سبینے لیزیکی ومبلڈن میںتصویر: picture-alliance/ dpa

چین کی عالمی نمبر تین اس سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں تھیں اور اب سے دو تین ہفتہ کے قبل وہ فرنچ اوپن کی فاتح بھی بنی تھیں۔

جرمن کھلاڑی کا اب اگلا میچ جاپان کی عالمی نمبر تین میساکی ڈوئی (Misaki Doi) سے ہو گا۔ ایک اور جرمن کھلاڑی ژولیا گیورگز (Julia Goerges) بھی فرانس کی میٹیلڈا جونسن کو ایک سخت مقابلے میں ہرا کر اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ ژولیا گیورگز اس وقت عالمی نمبر سولہ ہیں۔

ومبلڈن میں عالمی نمبر چودہ Anastasia Pavlyuchenkova کو ان کی ہم وطن نادیا پیٹرووا نے ہرایا۔ سابق عالمی نمبر ایک انا ایونووچ، ماریا شاراپووا، دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز اور فرانچیسکا سکیاوونے بھی اپنے اپنے میچ جیت کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گئیں ہیں۔ روس کی عالمی نمبر بارہ خاتون کھلاڑی سویٹلانا کزنیٹسووا بھی رومانیہ کی کھلاڑی کو ہرا نے میں کامیاب رہی ہیں۔

ومبلڈن ٹورنامنٹ میں تیرہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس جیتنے والی اور دفاعی چیمپیئن سیرینا ولیمز نے کورٹ نمبر دو پر میچ کھیلنے پر عدم اطمنان کا اظہار کیا ہے۔ ان کے خیال میں وہ اور ان کی بہن وینس ولیمز اپنے سابقہ ریکارڈز کی بنیاد پر کورٹ نمبر ایک پر کھیلنے کا حق رکھتی ہیں۔ سیرینا ولیمز نے رومانیہ کی کھلاڑی سیمونا ہالیپ کو تین سیٹ کے میچ میں شکست دینے کے بعد اس ردعمل کا اظہار کیا۔ ان کے خیالات کے ساتھ ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی چیف سٹیسی الیسٹر نھے بھی اتفاق کیا ہے۔ اس مناسبت سے وملبلڈن کی انتظامیہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹورنامنٹ کے دوران کسی کھلاڑی کے ساتھ خصوصی برتاؤ کی پالیسی اختیار نہیں کی گئی ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں